معروف امریکی گلوکارہ کیٹی پیری اور کینیڈا کے سابق وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے مبینہ طور پر اپنے تعلقات کو خفیہ رکھا ہوا ہے۔
امریکی میگزین یو ایس ویکلی نے اپنی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ کیٹی پیری اور جسٹن ٹروڈو اب بھی ایک دوسرے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ امریکی گلوکارہ اور سابق کینیڈین وزیر اعظم اب بھی ایک دوسرے سے رابطے میں ہیں لیکن ان دونوں نے اپنے تعلقات کو خفیہ رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
علاوہ ازیں، رپورٹ میں ایک اور انکشاف بھی کیا گیا ہے کہ کیٹی پیری اور جسٹن ٹروڈو فی الحال اپنے تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کے بارے میں بہت زیادہ سنجیدہ نہیں کیونکہ ابھی دونوں ہی اپنی اپنی زندگیوں میں مصروف ہیں۔
رپورٹ کے مطابق امریکی گلوکارہ کے برازیل سے واپس آنے پر سابق کینیڈین وزیراعظم ان سے ملنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل جولائی میں کیٹی پیری اور جسٹن ٹروڈو کو مونٹریال کے ایک پُرتعیش ریسٹورنٹ میں ایک ساتھ خوشگوار موڈ میں کھانا کھاتے دیکھا گیا تھا۔
سابق کینیڈین وزیراعظم نے کیٹی پیری کے مونٹریال میں ہونے والے کنسرٹ میں بھی اپنی 15 سالہ بیٹی ایلا گریس کے ساتھ شرکت کی جس کے بعد ان کے درمیان بڑھتی ہوئی قربتوں کی افواہوں نے زور پکڑلیا ہے۔