کھیرے کا شمار ان سبزیوں میں ہوتا ہے جو جسم کو اندرونی اور بیرونی طور پر مختلف بیماریوں سے بچاتی ہیں۔
ٹھنڈک، تازگی اور غذائیت سے بھرپور کھیرا وٹامن کے، وٹامن سی، میگنیشیم، رائبوفلاوین، وٹامن بی 6، فولیٹ، پینٹوتھینک ایسڈ، کیلشیم، آئرن، فاسفورس، زنک اور سلیکا فراہم کرتا ہے۔
ہائیڈریشن برقرار رکھنے کا بہترین ذریعہ
کھیرے میں تقریباً 95 فیصد پانی ہوتا ہے اس لیے یہ ہائیڈریشن کو برقرار رکھنے اور زہریلے مادوں کے خاتمے میں مدد کرتا ہے۔ پانی کی مقدار زیادہ ہونے کی وجہ سے کھیرا قدرتی کلینزر کے طور پر کام کرتا ہے اور جسم سے فاضل اشیاء کو نکالنے میں مدد کرتا ہے۔
جلد کے مسائل کا حل
پوٹاشیم اور وٹامن ای سے بھرپور کھیرا آنکھوں کے نیچے سوجن اور سیاہ حلقوں اور چہرے پر موجود داغ دھبوں کو کم کرکے رنگت کو نکھارتا ہے۔ کھیرے کا رس چہرے پر لگانے سے جلد تروتازہ ہوجاتی ہے اور کھیرے کے ٹکڑے آنکھوں پر رکھنے سے جھریاں اور سوجن کم ہوتی ہے۔
کمزور مسوڑھوں کا علاج
آیورویدک (برصغیر کے قدیم طریقہ علاج) کے مطابق کھیرے کا ایک ٹکڑا منہ میں تالو پر 30 سیکنڈ تک رکھنے سے بدبو پیدا کرنے والے بیکٹیریا ختم ہو سکتے ہیں۔
کھیرا جسم کی اندرونی حرارت کو کم کرتا ہے جو سانس کی بدبو کا باعث بن سکتا ہے جبکہ اس کا رس کمزور مسوڑھوں اور پائریا کے علاج میں بھی فائدہ مند سمجھا جاتا ہے۔
ہاضمے کو بہتر بنانے میں معاون
کھیرے کے چھلکے میں حل نہ ہونے والا فائبر موجود ہوتا ہے جو ہاضمے کو بہتر بنانے میں مدد دیتا ہے۔ اس لیے گرمیوں میں کھیرے کا ناشتے میں استعمال بہترین ہے، یہ گیسٹرائٹس، سینے کی جلن، تیزابیت، السر اور قبض کو دور کرنے میں مدد کرتا ہے۔
بلڈ پریشر کو کنٹرول کرنے میں بہترین
کھیرے میں موجود فائبر، پوٹاشیم اور میگنیشیم بلڈ پریشر کو کم کرنے میں معاون ہے۔
وزن کو کنٹرول کرنے کیلئے بہترین انتخاب
کھیرے میں کیلوریز کی مقدار بہت کم ہے اس لیے یہ وزن کو کنٹرول کرنے کے لیے ایک بہترین انتخاب ہے۔
نوٹ: یہ ایک معلوماتی مضمون ہے، اپنے لیے بہتر غذا کے انتخاب اور کسی بھی بیماری کی درست تشخیص اور اس کے علاج کےلیے اپنے معالج سے رابطہ کریں۔