• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طب کی دنیا میں انقلابی پیشرفت، مردہ دل کو زندہ کرکے 3 ماہ کے بچے کی جان بچالی گئی

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو

 امریکا کی ڈیوک یونیورسٹی کے ماہرینِ قلب نے طب کی دنیا میں تاریخی کامیابی حاصل کرتے ہوئے ایک ایسے دل کو دوبارہ زندہ کر کے 3 ماہ کے شیر خوار بچے میں ٹرانسپلانٹ کر دیا جسے طبی طور پر مردہ قرار دیا جا چکا تھا۔

یہ ناقابلِ یقین کامیابی کم عمر مریضوں کے لیے امید کی نئی کرن بن کر سامنے آئی ہے، جو اکثر موزوں ڈونر نہ ملنے کے باعث زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہتے ہیں۔

یہ کامیابی ایک خاص طریقۂ کار کے تحت ممکن ہوئی جسے آن ٹیبل ری اینیمیشن (On-table Reanimation) کہا جاتا ہے، اس طریقہ میں ایک مخصوص مشین کے ذریعے دل کے اندر دوبارہ خون کی روانی بحال کی جاتی ہے تاکہ دل کی کارکردگی کا جائزہ لیا جا سکے۔

ماہرین نے بتایا کہ اس مشین نے مردہ قرار دیے گئے دل کو دوبارہ دھڑکنے کے قابل بنایا اور مکمل بحالی کے بعد اسے بچے کے جسم میں کامیابی سے ٹرانسپلانٹ کر دیا گیا۔

سرجری کے 6 ماہ بعد کیے گئے میڈیکل چیک اپ میں بچے کا دل مکمل طور پر نارمل کام کر رہا تھا اور کسی بھی قسم کی پیچیدگی کا کوئی نشان نہیں ملا۔

اس کامیاب تجربے کے مرکزی مصنف ڈاکٹر ایرون ولیمز نے اسے دل کی پیوندکاری کے شعبے میں گیم چینجر قرار دیا، ان کے مطابق یہ طریقہ ناصرف مؤثر ہے بلکہ روایتی طریقوں کی نسبت کم خرچ بھی ہے، جس سے دنیا بھر میں ہزاروں زندگیاں بچائی جا سکتی ہیں۔

ماہرین کے مطابق اگر یہ طریقہ وسیع پیمانے پر اپنایا جائے تو دستیاب ڈونر دلوں کی تعداد میں 30 فیصد اضافہ ممکن ہے۔

صحت سے مزید