• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکی خاتون کی نمبر پلیٹ کو دہشتگرد تنظیم سے جوڑ دیا گیا

بین الاقوامی میڈیا
بین الاقوامی میڈیا

امریکی خاتون ’آئسس‘ اپنی گاڑی کی نمبر پلیٹ ’IAMISIS‘ رکھنے کے حق میں ڈٹ گئیں۔

کیلیفورنیا کی 26 سالہ خاتون آئسس وارٹن کو اپنی گاڑی کی پرسنلائزڈ نمبر پلیٹ IAMISIS کے معاملے پر ریاستی حکام کی جانب سے تنقید اور پابندیوں کا سامنا ہے۔

 محکمۂ ٹرانسپورٹ نے انہیں ایک خط میں مطلع کیا ہے کہ یہ نمبر پلیٹ تبدیل کرنا ہوگی کیونکہ اس کے مخفف کو دہشت گرد تنظیم اسلامک اسٹیٹ آف عراق اینڈ شام (ISIS) سے جوڑا جا سکتا ہے۔

آئسس وارٹن کے مطابق وہ یہ نمبر پلیٹ 2022ء سے استعمال کر رہی ہیں اور ہر سال اس کی تجدید کی فیس باقاعدگی سے ادا کرتی رہی ہیں، مگر اب پہلی بار اعتراض اٹھایا گیا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ میں بہت حیران ہوئی کیونکہ میں یہ نمبر پلیٹ اتنے عرصے سے رکھے ہوئے ہوں اور کبھی کوئی مسئلہ نہیں ہوا، سچ تو یہ ہے کہ مجھے اس فیصلے سے بہت دکھ پہنچا ہے۔

ان کی سفید کار پر موجود نمبر پلیٹ پر پیلے رنگ کے حروف میں IAMISIS لکھا ہوا ہے جبکہ اس کے اردگرد خاردار تار جیسا ڈیزائن بنا ہے۔

آئسس وارٹن کا کہنا ہے کہ وہ اپنی شناخت کے حق کے لیے یہ مقدمہ لڑیں گی کیونکہ ان کا نام دہشت گرد گروہ سے کسی طور پر منسلک نہیں ہے۔

 انہوں نے کہا کہ میرا نام اس تنظیم سے کہیں پہلے ہزاروں سال پرانا ہے، کسی کے نام کو دہشت گردی سے جوڑنا نقصان دہ ہے، ایسے معاملات میں زیادہ سنجیدگی اور احتیاط کی ضرورت ہے۔

مزید وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کا نام مصری دیوی آئسس سے لیا گیا ہے جو شفا دینے اور امن کی علامت سمجھی جاتی ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید