امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسکاٹ لینڈ میں یورپی کمیشن کی سربراہ اُرسلا وان سے ملاقات کی۔
اس موقع پر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا اور یورپی یونین کے درمیان تجارتی معاہدہ ہو گیا، ہم ایک معاہدے پر پہنچ چکے ہیں جو سب کے لیے اچھا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ یورپی مصنوعات پر 15 فیصد ٹیکس عائد ہو گا، یورپی یونین امریکی فوجی ساز و سامان خریدے گا اور امریکا کے توانائی کے شعبے میں 150 ارب ڈالرز کی خریداری کرے گا۔
امریکی صدر کا مزید کہنا ہے کہ یورپی یونین امریکا میں 600 ارب ڈالرز کی خریداری کرے گا، معاہدہ سب کو مبارک ہو۔
ٹرمپ نے کہا کہ یورپی یونین کے ساتھ تجارتی معاہدہ اب تک کا سب سے بڑا معاہدہ ہے، یہ معاہدہ گاڑیوں کے لیے بہت اچھا ہو گا، معاہدے سے زراعت پر بھی بڑا اثر پڑے گا۔
یورپی کمیشن کی سربراہ اُرسلا وان نے کہا کہ امریکا یورپی یونین تجارتی معاہدہ استحکام لائے گا، تمام شعبوں میں 15 فیصد ٹیکس کا نفاذ ہو گا۔