• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف دنیا بھر میں مظاہرے جاری

—تصویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا
—تصویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا

دنیا بھر میں غزہ پر اسرائیلی فوجی کارروائیوں میں مظلوم فلسطینیوں کو شہید کیے جانے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق غزہ میں اسرائیلی مظالم کے خلاف دنیا بھر میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔

برطانوی دارالحکومت لندن میں سیکڑوں برطانوی شہریوں نے فلسطین کے حق میں پُرامن مظاہرہ کیا، جس میں 80 سالہ سابق مجسٹریٹ ڈیبورا ہنٹن بھی شامل تھے۔

سابق مجسٹریٹ ان سیکڑوں مظاہرین میں سے ایک تھے جو برطانوی حکومت کی جانب سے فلسطین کے حق میں کام کرنے والی تنظیم فلسطینی ایکشن گروپ کو دہشت گرد تنظیم قرار دیے جانے کے خلاف مظاہرہ کر رہے تھے۔

دوسری جانب بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز میں بھی مظاہرین نے غزہ میں جبری قحط اور فلسطینیوں کی نسل کُشی بند کرنے کا مطالبہ کیا۔

علاوہ ازیں جنوبی کوریا میں اسرائیلی سفارت خانے کے باہر مظاہرین نے احتجاجی ریلی میں فلسطین آزاد کرو کے نعرے لگائے۔

ادھر فن لینڈ کے دارالحکومت ہیلسنکی میں مظاہرین نے انسانی زنجیر بنا کر فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کیا۔

یہی نہیں اسرائیل میں بھی نیتن یاہو کی حکومت کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔

تل ابیب میں فوجی ہیڈ کوارٹرز کے باہر ہزاروں افراد نے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔

دوسری جانب اسرائیل کی جانب سے نہتے فلسطینیوں کو غزہ سے زبردستی بے دخل کرنے کے لیے بمباری کا سلسلہ جاری ہے۔

اسرائیل کی جانب سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں 63 فلسطینیوں کو شہید کر دیا  گیا ہے جن میں بچے اور امداد کے انتظار میں کھڑے افراد بھی شامل تھے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید