گوجرخان(نمائندہ جنگ)کیپٹن راجہ محمد سرور شہید (نشانِ حیدر) کا 77واں یومِ شہادت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا،ان کی شہادت کی یاد میں گوجر خان کے گاؤں سنگھوری میں شہید کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی اور فاتحہ خوانی کی گئی،تقریب کے مہمان خصوصی میجر جنرل عاکف اقبال، ہلالِ امتیاز (ملٹری) تھے جبکہ ایس ایچ او انسپکٹر ملک نذیر احمد گھیبہ کی قیادت میں پولیس کے دستے نے بھی مزار پر حاضری دی اور شہید کی درجات کی بلندی کے لیے دعا کی ،پاک افواج نے گارڈ آف آنر پیش کیا،اس موقع پر سرور شہید کے پوتے میجر عدیل بھی موجود تھے، شہید کو فوجی اعلیٰ حکام اور سول معاشرے کے ذمہ داران نے خراجِ عقیدت پیش کیا گیا،کیپٹن محمد سرور شہید پاکستان کے پہلے سپوت تھے جنہیں نشانِ حیدر سے نوازا گیا، انہوں نے پہلی کشمیر جنگ 1948 میں 27جولائی کو تیلپترا آزاد کشمیر میں دشمن کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔