اسلام اآ باد ( نیوز رپورٹر) پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما)کے تحت آج، 28 جولائی کو ورلڈ ہیپاٹائٹس ڈے کے موقع پر ملک گیر آگاہی مہم چلائی جائے گی، جس کا مقصد ہیپاٹائٹس سے بچاؤ، بروقت تشخیص اور مؤثر علاج کے بارے میں شعور بیدار کرنا ہے۔ اس مہم میں عام افراد اور طبی عملے کے لیے آگاہی سیمینارز، واک، مفت اسکریننگ کیمپس اور سی ایم ای پروگرامز کا انعقاد کیا جائے گا۔پیما کے مرکزی صدر پروفیسر ڈاکٹر عاطف حفیظ صدیقی نے کہا کہ پاکستان میں ہیپاٹائٹس کے پھیلاؤ کی سب سے بڑی وجہ آلودہ اور استعمال شدہ سرنجیں اور غیر محفوظ انجیکشنز ہیں۔ وائرل ہیپاٹائٹس میں مبتلا تقریباً 90 فیصد افراد اپنی بیماری سے لاعلم ہوتے ہیں۔ بروقت تشخیص اور علاج کے لیے ٹیسٹ کروانا پہلا اور ضروری قدم ہے۔انہوں نے کہا کہ ہیپاٹائٹس A اور E آلودہ پانی اور غیر محفوظ خوراک سے پھیلتے ہیں، جبکہ ہیپاٹائٹس B، C اور D آلودہ سرنج، آلات جراحی اور غیر محفوظ انتقالِ خون کے ذریعے منتقل ہوتے ہیں۔