راولپنڈی( نیوز ر پورٹر )امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی سید عارف شیرازی نے کہا ہے کہ امیر جماعت اسلامی صوبہ بلوچستان مولانا ہدایت الرحمان بلوچستان کے عوامی مسائل کے حوالے سے کوئٹہ سے اسلام آباد تک مارچ کر رہے ہیں۔ ہم اس مارچ کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ راولپنڈی پہنچنے پر لانگ مارچ کے شرکا کا بھرپور خیر مقدم کیا جائے گا۔ اس حوالے سے استقبالیہ اور دیگر انتظامی کمیٹیاں قائم کر دی گئی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی سید عارف شیرازی نے گزشتہ روز ضلعی دفتر سید مودودی بلڈنگ میں لانگ مارچ کے حوالے سے بنائی گئی مختلف کمیٹیوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ضلعی جنرل سیکرٹری عثمان آکاش، نائب امیر سید عزیر حامد اور دیگر عہدیران بھی موجود تھے۔ سید عارف شیرازی نے کہا کہ اگرچہ تمام صوبے مختلف قسم کے مسائل اور مشکلات سے گزر رہے ہیں ، مگر صوبہ بلوچستان ایک عرصہ سے بد امنی، دہشت گردی ، مسنگ پرسنز اور ٹارگٹ کلنگ سمیت متعدد گھمبیر مسائل کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی صوبہ بلوچستان مولانا ہدایت الرحمان گوادر سمیت پورے صوبے کے عوام کے ترجمان اور ایک توانا آواز ہیں۔