معروف امریکی گلوکارہ آریانا گرانڈے بھی ان معروف شخصیات شامل ہوگئی ہیں جو غزہ میں جاری اسرائیلی بربریت کی مذمت کر رہی ہیں۔
آریانا گرانڈے نے اپنی انسٹا اسٹوری پر اسرائیل کی جانب سے غزہ میں امداد کی ترسیل پر پابندی کے خلاف شروع کی گئی مہم کے حوالے سے ایک پوسٹ شیئر کی ہے۔
پوسٹ میں لکھا ہے کہ لوگوں کو بھوک سے مارنا ریڈ لائن ہے اور اسرائیلی حکومت ہماری آنکھوں کے سامنے اس ریڈ لائن کو کراس کر رہی ہے۔
پوسٹ میں مزید لکھا کہ تاریخ ہم سے پوچھے گی کہ جب ہم نے لوگوں کو بھوک سے مرتے دیکھا تو کیا کیا؟
پوسٹ میں یہ بھی لکھا کہ فوری طور پر غزہ میں امداد کی ترسیل کی اجازت دی جائے۔
امریکی گلوکارہ کا یہ مؤقف غزہ میں امداد کی ترسیل پر پابندی ختم کرنے کے لیے اسرائیل پر ڈالے جانے والے بین الاقوامی دباؤ میں شدت آنے پر سامنے آیا ہے۔
واضح رہے کہ ریڈلائن مہم کو متعدد برطانوی اور بین الاقوامی تنظیموں کی حمایت حاصل ہے جو جنگ زدہ علاقوں میں موجود شہریوں کی فوری امداد تک رسائی کا مطالبہ کرتی ہیں۔
عالمی ادارہ خوراک کے مطابق غزہ میں بھوک کی شدت سے ہونے والی اموات کی تعداد 87 بچوں سمیت 133 ہو گئی۔