• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سنیل گروور کپل شرما سے بڑے کامیڈین ہیں: تابش ہاشمی

جیو نیوز کے پروگرام ’ہنسنا منع ہے‘ کے میزبان تابش ہاشمی کا کہنا ہے کہ بھارتی کامیڈین سنیل گروور کپل شرما سے بڑے کامیڈین ہیں۔

جیو پوڈکاسٹ کے میزبان مبشر ہاشمی سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے کوئی مستقبل کےلیے بطور آئیڈیل نہ دیکھے بلکہ اپنا مستقبل خود دیکھیں، ہر کسی کو اپنا مستقبل خود دیکھنا چاہیے، انسپریشن اور آئیڈیلز سب بےکار باتیں ہیں، مجھے میرے اساتذہ اور دیکھنے والوں نے بنایا ہے۔

ہالی ووڈ اداکار جم کیری سے مشابہت رکھنے سے متعلق انہوں نے اسے مسترد کرتے ہوئے مزاحیہ انداز میں کہا کہ میں نے جم کیری کی دو چار فلمیں ہی دیکھی ہوں گی، میرے گھر میں جم کیری کے پوسٹرز نہیں لگے ہوئے تھے اور نہ ہی میں نے ان کے بارے میں سوچا۔

تابش ہاشمی نے تسلیم کیا کہ مرحوم معین اختر اور عامر لیاقت ان کی انسپریشن رہے ہیں اور کہا کہ مرحوم عمر شریف سب سے زیادہ انسپریشن رہے ہیں، جو کراچی کے ہر کامیڈین کی چاہتے نہ چاہتے ہوئے انسپریشن ہیں۔

بھارتی کامیڈین کپل شرما سے موازنہ کیا جانے پر تابش ہاشمی نے کہا کہ کپل شرما کا شو صرف کپل شرما کی وجہ سے نہیں چلتا بلکہ اس میں دیگر اور اداکار بھی پرفارم کرتے ہیں، اس شو میں کپل شرما سے زیادہ سنیل گروور کو دیکھا اور پسند کیا جاتا ہے اور میں بھی ان ہی کی وجہ سے یہ شو دیکھتا ہوں۔

تابش ہاشمی نے اس موقع پر سنیل گروور کو کپل شرما سے اوپر کا کامیڈین قرار دیا اور کہا کہ وہ بہت زیادہ اچھا کام کرتے ہیں۔

انہوں نے کپل شرما کی تعریف بھی کی اور کہا کہ کپل شرما کے پاس ٹیلنٹ ہے، انہوں نے بہت محنت کی، وہ مجھ سے بہت پیچھے سے آئے ہیں لیکن وہ مجھ سے بہت آگے جا چکے ہیں۔

تابش ہاشمی نے اس موقع پر اپنے شو ہنسنا منع ہے کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے اس کے اسکرپٹ کی تیاری، ٹیم کی محنت اور شو کی کامیابی سے متعلق بھی بات کی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید