اینڈرائیڈ صارفین کے اسمارٹ فونز پر کال سیٹنگز میں اچانک تبدیلی کردی گئی ہے اور اس تبدیلی کو صارفین نے بھی محسوس کیا۔
اس تبدیلی کے بعد اینڈرائیڈ صارفین کے موبائلز میں کال کرتے یا کال موصول ہونے پر فون کا انٹر فیس تبدیل ہو گیا ہے۔
’جیو نیوز اردو ڈاٹ ٹی وی‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق اس تبدیلی کو سوشل میڈیا پر متعدد اینڈرائیڈ صارفین نے کہیں ہیکنگ قرار دیتے ہوئے شکوک وشبہات کا اظہار کیا تو کہیں کچھ صارفین اسے اینڈرائیڈ اَپ ڈیٹ قرار دے کر مطمئن نظر آئے۔
تبدیلی پر ایک نظر
نئی تبدیلی کے تحت اینڈرائیڈ فون کو کھولنے پر گوگل کی جانب سے حال ہی میں ’فیورٹس‘ کے آپشنز کو حذف کردیا۔ گوگل نے ان آپشنز کو حذف کرکے ’ہوم‘ میں ضم کر دیا، نئی تبدیلی کے بعد اب صرف ’ہوم‘ اور ’کی پیڈ‘ یعنی ڈائلر کی آپشنز نظر آئے گی۔
تبدیلی کی وجوہات
اینڈرائیڈ اسمارٹ فون کا سافٹ ویئر بنانے اور اپڈیٹ کرنے والی کمپنی گوگل نے مئی میں ہی اس تبدیلی کے حوالے سے اعلان کردیا تھا۔
گوگل کی جانب سے کیے گئے اعلان میں بتایا گیا تھا کہ کمپنی ’مٹیریل تھری ایکسپریسیو‘ نامی سب سے بڑی اپ ڈیٹس پر کام کر رہی ہے، اس اپ ڈیٹ کے ذریعے فون کے سافٹ ویئر اور ڈسپلے کو زیادہ سادہ، آسان، تیز اور معلوماتی بنایا جائے گا۔
اس تبدیلی کے بعد ڈسپلے سیٹنگز میں کئی چیزیں جیسے نوٹیفکیشنز، کلر تھیمز، فوٹوز، جی میل اور واچ وغیرہ بھی تبدیل کردی جائیں گی۔
گوگل کے مطابق اس تبدیلی کا مقصد کال ایپ کو آسان بنانا ہے۔
جن صارفین کو نہیں معلوم ان کو بتاتے چلیں کہ اس اپ ڈیٹ سے قبل اینڈرائیڈ فونز کا ڈسپلے ’مٹیریل یو‘ کے ڈیزائن پر چل رہا تھا۔