بھارتی فلم انڈسٹری کے سابقہ سپر اسٹار راجیش کھنہ کی اہلیہ ہونے کی دعویدار اداکارہ انیتا اڈوانی نے جائیداد تنازع پر ردعمل دیا اور اسے مکافات عمل قرار دیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق انیتا اڈوانی نے الزام لگایا ہے راجیش کھنہ کو مشکل وقتوں میں خاندان والوں نے تنہا چھوڑا لیکن موت کے بعد ساری جائیداد وراثت میں لے لی ہے۔
56 سالہ انیتا اڈوانی نے آنجہانی اداکار راجیش کھنہ کی فیملی پر سنگین الزامات لگائے ہیں۔
جائیداد تنازع پر اداکارہ نے کہا کہ راجیش کھنہ کو مشکل حالات میں خاندان نے تنہا چھوڑا اور پھر موت کے بعد ساری جائیداد اپنے نام کرلی۔
انہوں نے سابقہ سپر اسٹار کی فیملی پر شدید تنقید کی اور انہیں مکافات عمل کے نتائج سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ڈمپل کپاڈیا راجیش کھنہ کو 1982 میں چھوڑ گئی تھیں۔
انیتا اڈوانی نے مزید کہا کہ اس کے بعد 30 سال میں سپر اسٹار اپنا سب کچھ کھو بیٹھے اور معاملات قابو سے باہر ہوگئے، راجیش کھنہ کے بس میں بھی کچھ نہیں تھا لیکن موت کے بعد فیملی گھر اور جائیداد کی مالک بن بیٹھی۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ سارا معاملہ خود ایک بڑی کہانی ہے، میرے خلاف دیا گیا پرانا عدالتی حکم اب کوئی حیثیت نہیں رکھتا، کوئی بھی دنیا سے کچھ ساتھ نہیں لے جاسکتا، پھر یہ دھوکا کس لیے؟ ہر رشتے دار عزت کا حقدار ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ مکافات عمل اپنی جگہ ہے، اپنا کیا سامنے آتا ہے، چاہے آپ کتنے ہی چالاک کیوں نہ ہوں، آپ اس سے بچ نہیں سکتے، قانونی جنگ ابھی جاری ہے، پرانے فیصلے کو چیلنج کیا ہے تاکہ وراثت میں حصہ مل سکے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق سپر اسٹار راجیش کھنہ نے 1973ء میں ڈمپل کپاڈیا سے شادی کی، وہ دونوں 1982ء میں الگ ہوگئے لیکن ان میں کبھی بھی باضابطہ طلاق نہیں ہوئی، آخری برسوں میں ڈمپل کپاڈیا نے اُن کا بیماری میں خیال رکھا۔
راجیش کھنہ 18 جولائی 2012ء کو 69 برس کی عمر میں چل بسے تھے۔