• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سردیوں میں باجرے کی روٹی کیوں مفید ہے؟ اسے غذا میں کیسے شامل کیا جا سکتا ہے؟

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

موسمِ سرما کے آتے ہی جسم کا نظام تبدیل ہو جاتا ہے، صبح کے اوقات میں طبیعت بھاری، شامیں ٹھنڈی اور بھوک قدرے زیادہ محسوس ہوتی ہے۔

ٹھنڈے موسم میں ایسی غذائیں زیادہ فائدہ دیتی ہیں جو جسم کو قدرتی طور پر گرم رکھیں اور دیرپا توانائی فراہم کریں جیسے کہ باجرا جو صدیوں سے سردیوں کا لازمی حصہ رہا ہے۔ 

جدید غذائی رجحانات نے بھی باجرے کو دوبارہ مقبول بنا دیا ہے، خاص طور پر اُن لوگوں میں جو قوتِ مدافعت، ہاضمہ، دل کی صحت اور بلڈ شوگر کو متوازن رکھنے پر توجہ دیتے ہیں۔

سردیوں میں باجرے کی روٹی سے حاصل ہونے والی اہم خصوصیات

باجرے کا استعمال جسم کو قدرتی طور پر گرم رکھتا ہے، دیرپا توانائی، بھرپور منرلز اور فائبر فراہم کرتا ہے، ہاضمہ بہتر بناتا ہے، بلڈ شوگر کو متوازن رکھنے اور دل کی صحت کے لیے مفید و مددگار ثابت ہوتا ہے، قوتِ مدافعت مضبوط بناتا ہے اور بھوک کم کر کے بسیار خوری سے روکتا ہے۔

باجرا سردیوں میں کیوں زیادہ فائدہ مند ہے؟

قدرتی حرارت پیدا کرتا ہے

باجرے کو گرم تاثیر والا اناج سمجھا جاتا ہے، اس میں موجود کمپلیکس کاربوہائیڈریٹس ہاضمے کے دوران آہستہ آہستہ حرارت پیدا کرتے ہیں جو ٹھنڈے موسم میں جسم کا درجۂ حرارت برقرار رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔ 

اسی وجہ سے یہ سرد صبح کے اوقات میں اور شاموں میں دیرپا توانائی فراہم کرتا ہے۔

موسم کے مطابق مضبوط غذائیت

باجرا آئرن، میگنیشیم، اینٹی آکسیڈنٹس اور امینو ایسڈز سے بھرپور اناج ہے جو سرد موسم میں کمزوری، تھکاوٹ اور پٹھوں میں کھچاؤ کم کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ 

سردیوں میں کمزور ہاضمے کے لیے مفید

سردیوں میں ہاضمہ سُست پڑ جاتا ہے، باجرے میں موجود فائبر قبض، گیس اور بھاری پن سے نجات دیتا ہے اور آنتوں کی حرکت بہتر بناتا ہے، چونکہ باجرا گلوٹن فری ہے اس لیے حساس معدے والے افراد کے لیے بھی موزوں ہے۔

بلڈ شوگر کو مستحکم رکھتا ہے

باجرے کا گلیسیمک انڈیکس نسبتاً کم ہے جس سے خون میں شوگر کی سطح آہستہ آہستہ بڑھتی ہے۔ 

یہ سردیوں میں میٹھی اور بھاری غذاؤں کے استعمال کے باوجود توانائی کو متوازن رکھنے کے لیے اہم ہے۔

قوتِ مدافعت میں اضافہ

باجرا زنک اور اینٹی آکسیڈنٹس فراہم کرتا ہے جو سردیوں میں عام وائرل بیماریوں کے خلاف مددگار ہیں، اگر اسے سرسوں یا میتھی جیسے موسمِ سرما کی سبزیوں کے ساتھ کھایا جائے تو اس کی افادیت مزید بڑھ جاتی ہے۔

 زیادہ دیر تک پیٹ بھرا رکھتا ہے

سردیوں میں بھوک زیادہ لگتی ہے، تاہم ایسے میں باجرے کا فائبر دیر تک سیر رکھتا ہے جس سے غیر ضروری کھانے کی خواہش کم ہوتی ہے اور وزن کو قابو میں رکھنے میں مدد ملتی ہے۔

گھر میں نرم باجرے کی روٹیاں کیسے بنائیں؟

گرم پانی یا پتلی لسی استعمال کریں، گرم پانی یا دہی کی لسی آٹے کو نرم بناتے ہیں اور روٹی زیادہ ملائم تیار ہوتی ہے، بیلن کے بجائے ہاتھ سے روٹی بنائیں، باجرے کا آٹا گلوٹن فری ہونے کی وجہ سے بیلن سے نہیں بیلا جا سکتا۔

روٹی کو درمیانی آنچ پر پکائیں، ہلکی آنچ روٹی کو سخت کر دیتی ہے جبکہ بہت تیز آنچ اسے جلا دیتی ہے، مناسب آنچ روٹی کو پھولنے میں مدد دیتی ہے۔

باجرے کی روٹی پکا کر فوراً اس کا استعمال کر لیں، باجرے کی روٹی جَلد سخت ہو جاتی ہے، اس لیے گرم گرم پیش اور تناول کرنا بہتر ہے۔

صحت سے مزید