مائیکروسوفٹ کے بانی بل گیٹس کی تنظیم ’دی گیٹس فاؤنڈیشن‘ نے خواتین کی صحت کے لیے ڈھائی ارب ڈالرز مختص کرنے کا اعلان کردیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مختص کی گئی رقم 2030ء تک خواتین کے ان امراض پر ترجیحی بنیادوں پر خرچ ہوگی، جو عموماً نظر انداز کردیے جاتے ہیں۔
بل گیٹس کا کہنا ہے کہ خواتین عموماً ان بیماریوں سے ہلاک ہوجاتی ہیں جن کا بآسانی علاج ممکن ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئی فنڈنگ فاؤنڈیشن کی جانب سے اب تک کی سب سے بڑی فنڈنگ ہے جو پانچ اہم شعبوں میں 40 سے زیادہ نئی ایجادات پر کام کرے گی۔ خاص طور پر ان ممالک میں جو کم اور درمیانی آمدنی والے ہیں اور جہاں خواتین زیادہ متاثر ہوتی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق رقم دوران حمل پیچیدگیوں، بلڈ پریشر، ہائی شوگر لیول سمیت تولیدی صحت سے متعلق مختلف بیماریوں کے علاج اور تحقیق پر خرچ کی جائے گی۔
اس کے علاوہ ویکسینیشن، ماں کی صحت اور غذا، مانع حمل ایجادات اور جنسی عمل سے منتقل ہونے والی بیماریوں پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔
بل گیٹس نے خواتین کی صحت میں سرمایہ کاری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کی صحت میں سرمایہ کاری کا نسلوں پر دیرپا اثر پڑتا ہے۔ یہ صحت مند خاندانوں، مضبوط معیشتوں اور ایک زیادہ انصاف پسند دنیا کی طرف لے جاتا ہے۔