دفتر خارجہ نے ایران اور امریکا کے درمیان رواں ہفتے استنبول میں شیڈول مذاکرات میں پاکستان کو دعوت کی تصدیق کردی۔
ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو امریکا ایران مذاکرات میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق امریکا ایران مذاکرات رواں ہفتے استنبول میں منعقد ہو رہے ہیں، امریکا، ایران مذاکرات بیک ڈور چینل کوششوں سے ممکن ہوئے۔ مذاکرات کے لیے پاکستان اور ترکیہ بیک ڈور کوششیں کر رہے تھے۔
امریکی اور ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ امریکا اور ایران جوہری مذاکرات جمعے کو ترکیہ میں دوبارہ شروع ہوں گے۔
خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ امریکا ایران جوہری مذکرات پانچ ادوار کے بعد مئی 2023 سے تعطل کا شکار تھے۔
دوسری جانب علاقائی عہدیدار کا کہنا ہے کہ مذاکرات میں سعودی عرب، قطر، عمان، پاکستان، مصر، متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کو استنبول مدعو کیا گیا ہے۔
ایرانی سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ استنبول مذاکرات سے متعلق ایران نہ پُرامید ہے نہ ہی مایوس ہے۔ استنبول بات چیت سے معلوم ہوگا کہ امریکا سنجیدہ اور نتیجہ خیز مذاکرات چاہتا ہے یا نہیں؟
ذرائع نے کہا کہ ایران کی دفاعی تیاریاں زیادہ سے زیادہ ہیں، ایران ہر طرح کی صورتحال کے لیے تیار ہے، ایران کی دفاعی صلاحیتوں پر کوئی بات چیت نہیں ہوسکتی۔