• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ناروے کپ فٹ بال میں عدم شرکت : ٹیم کو فنڈ کی رقم سندھ کے خزانہ میں جمع کرانے کی ہدایت

 ناروے کپ انڈر 15 ایونٹ کیلئے لگ بھگ دو کروڑ روپے کی رقم حاصل کرکے ایونٹ میں شرکت نہ کرنے پر سندھ کے محکمہ کھیل نے سخت ایکشن لیتے ہوئے لیاری فٹ بال اکیڈمی کے عہدیداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر حاصل کی گئی رقم سرنڈر کریں اور سندھ حکومت کے ٹریژری ڈپارٹمنٹ میں جمع کرائیں۔

وزیر کھیل و امور نوجوانان سردار محمد بخش خان مہر نے لیاری فٹبال اکیڈمی کی ناروے کپ میں عدم شرکت پر ٹیم کو دی گئی رقم واپس لینے کی ہدایت پر سندھ اسپورٹس بورڈ کے دفتر میں بدھ کو ہونے والے اجلاس میں اسپورٹس عہدیداروں نے لیاری فٹ بال اکیڈمی کے نمائندوں سے کہا کہ وہ فوری طور پر ایک کروڑ چوراسی لاکھ روپے کی رقم سرنڈر کریں۔

انھوں نے مزید کہا کہ دی گئی رقم میں سے اب ایک روپیہ بھی استعمال نہیں ہوگا اور یہ رقم سندھ حکومت کے ٹریژری ڈپارٹمنٹ میں واپس جمع کرائی جائے۔

سندھ اسپورٹس عہدیداروں کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ کی تیاری کے حوالے سے کھلاڑیوں کی کٹس، کراچی، حیدرآباد، بدین تین جگہوں پر ٹریننگ کیمپس، ناروے ٹورنامنٹ کی رجسٹریشن فیس کےحوالے سے خرچ کی گئی رقم کی رسید تفیصل کے ساتھ جمع کرائیں۔ اگلے ٹورنامنٹ میں شرکت کرنی ہے تو فنڈز حاصل کرنے کیلئے نئی درخواست جمع کرانا ہوگی۔ 

دوسری جانب لیاری فٹ بال اکیڈمی کے کوچ شبیر احمد کا کہنا تھا کہ میٹنگ میں ہماری پوری ٹیم موجود تھی۔ ہم نے انہیں بتایا کہ ویزا پراسس میں مشکلات کی وجہ سے ہم ایونٹ میں شرکت نہیں کرسکے، مختلف چیزوں پر خرچہ آیا ہے، بچی ہوئی رقم جمع کرائیں گے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید