اسلام آباد(نیوزرپورٹر)قومی اسمبلی نے ایک قرارداد منظور کی ہے جس میں سوشل میڈیا پر غیر اخلاقی مواد اور خواتین کی بلااجازت تصویروں اور ویڈیوز کو پھیلانے کی مذمت کرتے ہوئے وقار اور پرائیویسی کے حق کے تحفظ پر زور دیا گیا ہے‘ قرارداد میں مطالبہ کیاگیاہے کہ حکومت سوشل میڈیا کے درست استعمال کیلئے قوانین بنائے ‘علاوہ ازیں ایوان زیریں نے فوجداری قوانین میں2قوانین کی منظوری دے دی جن کے تحت خاتون کے کپڑے پھاڑنے اور ہائی جیکر سے ملاقات یا تعلقات پر سزائے موت ختم کردی گئی ہے۔قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیر قانون اعظم تارڑ نے فوجداری قوانین ترمیمی بل 2025 ایوان میں پیش کیا۔وزیر قانون اعظم تارڑ نے ایوان کو بتایا کہ سابق صدر ضیاالحق کے دور میں خاتون کے کپڑے پھاڑنے پر سزائے موت متعارف کرائی گئی تھی، تاہم اس شق کا غلط استعمال کیا جاتا ہے۔