• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میگا کرپشن اسکینڈل کے حقائق عوام کے سامنے لائیں گے، وزیر اطلاعات

اسلام آباد( نمائندہ خصوصی ) وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ میگا کرپشن اسکینڈل کے حقائق عوام کے سامنے لائیں گے، ایف آئی اے کو ایک ارب 12کروڑ کی منی لانڈرنگ کے ثبوت ملے ، ملوث افراد خود کو قانون کے حوالے کریں۔ وزیر اطلاعات نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بحریہ ٹاؤن کرپشن کیس میں کل اہم پیشرفت ہوئی۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو کل کارروائی کے دوران اہم دستاویزات ملیں، نئی پیشرفت میں بہت زیادہ رقم کی منی لانڈرنگ سامنے آئی ، ابھی تک ایک ارب 12 کروڑ روپے کی منی لانڈرنگ کے ثبوت ملے ہیں،ہسپتال کو بطور فرنٹ آفس کے استعمال کیا جا رہا تھا اور اسپتال کی ایمبولینس کو متعلقہ دستاویزات کی ٹرانسپوٹیشن کے لیے استعمال کیا جاتا تھا، ایف آئی اے چھاپے کے دوران بہت سی چیزیں سامنے آئیں۔انہوں نے کہا کہ یہ ابتدائی تحقیقات ہیں اور مزید رقم سامنے آئے گی،منی لانڈرنگ کے ذریعے رقم باہر بھیج کر ملکی معیشت کو نقصان پہنچایا گیا اور منی لانڈرنگ کے ریکارڈ کو جلانے کی کوشش کی گئی۔ تاہم ایف آئی اے ٹیم نے ریکارڈ کو قبضے میں لے لیا ۔انہوں نے کہا کہ اگر کوئی غیر قانونی چیز نہیں تھی تو پھر ریکارڈ کو جلانے کی کیا ضرورت تھی؟ یہ کرپشن کا بہت بڑا کیس ہے اور آنے والے دنوں میں مزید پیشرفت ہو گی،دھندے میں ملوث افراد خود کو قانون کے حوالے کریں۔انہوں نے کہا کہ منی لانڈرنگ کے ذریعے پیسہ ملک سے باہر بھیجنا غیرقانونی ہے، دستاویزات کا تجزیہ اور فرانزک کر کے مزید ثبوت سامنے لائے جائیں گے اور ان کو ہر جگہ پر جواب دینا ہو گاجو لوگ مفرور ہیں وہ خود کو قانون کے حوالے کریں۔انہوں نے کہا کہ بحریہ ٹاؤن کے رہائشیوں کے حقوق محفوظ ہیں اور یہ تحقیقات صرف  بحریہ ٹاؤن کے خلاف ہو رہی ہیں۔ ادھربحریہ ٹاؤن انتظامیہ نے قومی احتساب بیورو کی جانب سے اپنی جائیدادوں کی نیلامی رکوانے کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا ،درخواست گزار میسرزبحریہ ٹاون پرائیویٹ لمیٹڈ نے بدھ کے روز فاروق ایچ نائیک ایڈوکیٹ کی وساطت سے آئین کے آرٹیکل 185(3) کے تحت دائر اپیل میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے 4 اگست 2025 کو جاری فیصلے کو معطل کرنے اور قومی احتساب بیورو کو اپیل گزار کی جانب سے رہن رکھی گئی 6جائیدادوں کو نیلام کرنے، فروخت کرنے یا دوسری صورت میں الگ کرنے سے روکنے کا حکم جاری کرنے ، اور ان جائیدادوں کے حوالے سے اپیل گزار کی سابقہ حیثیت اور اصل ملکیت کو برقرار رکھنے کی استدعا کی ہے،یاد رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں جسٹس آصف پر مشتمل ڈویژن بنچ نے 4 اگست 2025 کو نیب کی جانب سے بحریہ ٹا ون کی جائیدادوں کی نیلامی روکنے کے حوالہ سے دائر درخواستوں کو خارج کر دیا تھا ۔
اہم خبریں سے مزید