• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انسٹاگرام میں نئے فیچرز کا اضافہ: ری پوسٹنگ، لوکیشن میپ اور ’فرینڈز‘ ٹیب متعارف

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

انسٹاگرام نے صارفین کے لیے ایک بار پھر بڑے پیمانے پر اپ ڈیٹس متعارف کروا دی ہیں جن میں ری پوسٹنگ کا آپشن، لوکیشن میپ اور ریلز میں نیا ’فرینڈز‘ ٹیب شامل ہے۔

میٹا کی جانب سے 6 اگست کو جاری کیے گئے ایک اعلامیے میں کہا گیا کہ لوگ ہمیشہ انسٹاگرام ایپلیکیشن کو یہ دکھانے کے لیے استعمال کرتے ہیں کہ وہ کیا کر رہے ہیں اور کہاں ہیں۔ 

اعلامیے میں کہا گیا کہ اب انسٹاگرام پر ری پوسٹس، میپ اور ریلز کے ساتھ ’فرینڈز‘ ٹیب کے ذریعے انسٹاگرام صارفین، انسٹاگرام پر موجود مواد کے ذریعے ایک دوسرے کے ساتھ مزید آسانی سے جڑ سکتے ہیں۔

یہ اپ ڈیٹس انسٹاگرام کی جانب سے حالیہ مہینوں میں نوجوان صارفین کے لیے میسجنگ سیفٹی اور ایڈلٹ صارفین کے لیے حفاظتی فیچرز کے بعد کی تازہ ترین پیش رفت ہیں۔ 

رواں سال جون میں انسٹاگرام نے پروفائل گرڈ میں تصاویر اور ویڈیوز کی ترتیب بدلنے کی سہولت بھی متعارف کروائی تھی۔

ری پوسٹنگ کا نیا آپشن

اب صارفین انسٹاگرام پر پبلک فیڈ پوسٹس اور ویڈیو ریلز کو بالکل اسی طرح ری پوسٹ کر سکتے ہیں جیسے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ (سابقہ ٹوئٹر) پر کیا جاتا ہے۔

میٹا کے مطابق ری پوسٹ کیا گیا مواد صارف کے دوستوں اور فالوورز کی فیڈ پر ظاہر ہوگا اور ساتھ ہی ایک الگ ’ری پوسٹ‘ ٹیب میں بھی دیکھا جا سکے گا۔

اگرچہ اصل تخلیق کار کو کریڈٹ دیا جائے گا لیکن یہ فیچر دوسرے صارفین کے فالورز تک بھی مواد کو پہنچانے کا ذریعہ بنے گا۔

میٹا کا کہنا ہے کہ ’اس سے تخلیق کاروں کو مزید لوگوں تک پہنچنے کا موقع ملے گا۔‘

انسٹاگرام میپ: لوکیشن شیئرنگ کا فیچر

6 اگست سے امریکا میں متعارف کروایا گیا نیا ’انسٹاگرام میپ‘ فیچر صارفین کو اپنی لوکیشن شیئر کرنے کی سہولت دیتا ہے۔ 

صارفین اپنی آخری ایکٹیو لوکیشن مخصوص اکاؤنٹس کے ساتھ شیئر کر سکتے ہیں اور جب چاہیں اسے بند بھی کر سکتے ہیں۔

یہ میپ فیچر صارفین کو لوکیشن بیسڈ مواد دیکھنے کی سہولت بھی دیتا ہے جیسے دوستوں کی کنسرٹس یا ریستورانوں میں لی گئی ویڈیوز یا ریلز۔

میٹا کے مطابق اس نئے فیچر کے سبب والدین اپنے بچوں کے لیے نگرانی کے اختیارات حاصل کر سکیں گے تاکہ وہ دیکھ سکیں کہ ان کا بچہ کن افراد کے ساتھ لوکیشن شیئر کر رہا ہے۔

میٹا کا کہنا ہے کہ اگر آپ کا نوعمر بچہ لوکیشن شیئرنگ شروع کرتا ہے تو آپ کو نوٹیفکیشن موصول ہوگا تاکہ آپ محفوظ طریقے سے لوکیشن شیئرنگ پر بات چیت کر سکیں۔

انسٹاگرام ریلز میں ’فرینڈز‘ ٹیب

انسٹاگرام پر ریلز دیکھنے والے صارفین کو اب ایک نیا ’فرینڈز‘ ٹیب دیکھنے کو ملے گا جہاں وہ پبلک مواد دیکھ سکتے ہیں، اب صارفین دیکھ سکے گیں کہ ان کے دوستوں نے بھی اس ریل کو لائیک یا اس پر کمنٹ کیا ہے یا نہیں۔

صارفین کے پاس یہ اختیار ہوگا کہ وہ اپنی سرگرمی، جیسے کہ لائیکس اور کمنٹس کو چھپا سکیں تاکہ وہ ’فرینڈز‘ ٹیب میں ظاہر نہ ہوں۔ 

اس کے علاوہ، مخصوص صارفین کی ایکٹیویٹی ببلز کو بھی میوٹ کیا جا سکتا ہے۔

انسٹاگرام کے یہ نئے فیچرز صارفین کے درمیان رابطے کو مزید فعال بنانے اور تخلیقی اظہار کو فروغ دینے کی کوشش ہیں تاہم ان سے متعلق پرائیویسی اور سیکیورٹی کے پہلوؤں پر بھی گفتگو جاری ہے۔

سائنس و ٹیکنالوجی سے مزید