کوئٹہ(خ ن) ڈپٹی کمشنر سبی میجر (ر) الیاس کبزئی نے گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول لونی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے اسپائر ورلڈ بینک پراجیکٹ کے تحت تعمیر شدہ تین نئے کمروں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سبی منصور علی شاہ اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ دورے کے دوران، اسکول کی ہیڈ مسٹریس نے ڈپٹی کمشنر کو آئی ٹی لیب اور سولر سسٹم کی ضرورت سے آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے فوری طور پر اسپائر ورلڈ بینک پراجیکٹ کے فوکل پرسن کو ہدایت دی کہ ان سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے اسکول کے اساتذہ اور طلباء کی تعداد کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں تاکہ تعلیمی ضروریات کو بہتر طور پر سمجھا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر کی قیادت میں ضلعی انتظامیہ تعلیم کے شعبے میں نمایاں اقدامات کر رہی ہے۔ اسپائر ورلڈ بینک پراجیکٹ کے تحت اسکولوں میں جدید سہولیات کی فراہمی، جیسے کہ سولر سسٹمز، آئی ٹی لیبز، اور فرنیچر، تعلیمی معیار کو بلند کرنے میں مددگار ثابت ہو رہی ہیں۔