• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا میں گرنے والا شہاب ثاقب زمین سے بھی پرانا نکلا

تصاویر:بین الاقوامی میڈیا
تصاویر:بین الاقوامی میڈیا

امریکی ریاست جارجیا میں ایک گھر کی چھت توڑ کر گرنے والا شہابِ ثاقب ماہرین کے مطابق زمین سے بھی قدیم ہے۔

 مکڈونف (McDonough) نامی علاقے میں یہ شہابِ ثاقب دن کے وقت آسمان پر چمکتا ہوا دیکھا گیا، جس کے بعد ایک زور دار دھماکے کی آواز سنائی دی۔

رپورٹس کے مطابق یہ پتھر رفتار اور سائز میں کمی کے باوجود ایک کلو میٹر فی سیکنڈ کی رفتار سے سفر کر رہا تھا جب وہ گھر کی چھت کو توڑ کر اندر جا گرا، اس کے ٹکڑے ماہرین کے حوالے کیے گئے تاکہ پتہ لگایا جاسکے کہ یہ آیا کہاں سے ہے۔

یونیورسٹی آف جارجیا کے سائنسدانوں نے طاقتور مائیکرو اسکوپس کی مدد سے تجزیہ کر کے پتھر کو کونڈرائٹ قرار دیا، جو کہ پتھریلے شہابِ ثاقب کی سب سے عام قسم ہے۔ 

تحقیق میں یہ انکشاف ہوا کہ یہ شہابِ ثاقب تقریباً 4.56 ارب سال قبل وجود میں آیا تھا یعنی یہ زمین سے تقریباً 2 کروڑ سال پرانا ہے۔

جیولوجسٹ اسکاٹ ہیریس نے کہا کہ یہ شہابِ ثاقب زمین پر گرنے سے پہلے ایک طویل سفر طے کر چکا تھا۔

ان کے مطابق اس طرح کے واقعات ماضی میں کئی دہائیوں میں ایک بار پیش آتے تھے، مگر اب پچھلے 20 سال میں متعدد بار دیکھے گئے ہیں۔

اس شہابِ ثاقب کو مکڈونف میٹیورائٹ کا نام دیا گیا ہے اور یہ جارجیا میں دریافت ہونے والا 27واں شہابِ ثاقب ہے۔

خاص رپورٹ سے مزید