• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہمارا طرزِ سیاست ہی سندھو دیش کے خواب کو خاک کر سکتا ہے، خالد مقبول

کراچی (اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے چیئرمین، وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ ہماراطرزِ سیاست ہی سندھو دیش کے خواب کو خاک کر سکتا ہے،، ایم کیو ایم مہاجروں کے لئے کشتی نوح کے مانند ہے، یہاں سے جانے والے کی اب کوئی واپسی ممکن نہیں ہوگی، اب شخصیات کی بجائے قوم کے لئے جد و جہد ہوگی۔پاکستان محض ایک زمین کا ٹکڑا نہیں، ایک نظریے کا نام ہے، پاکستان بنانے سے لے کراسے بچانے کا فریضہ انجام دینے والے اورنگی ٹاؤن کی گلیوں میں ملیں گے، ہم مشرقی پاکستان کو تو نہیں بچا سکے، لیکن نظریہ پاکستان بچا کر لے آئے! تو یہ ثابت ہوا کہ جو بنا سکتے ہیں وہی پاکستان کو چلا سکتے ہیں، اس قوم کا راستہ روکنے والے اب شکست کھا چکے ہیں، ایم کیو ایم کا طرزِ سیاست ہی سندھو دیش کے خواب کو خاک کر سکتا ہے۔ وہ ’’ معرکہ حق، ایام آزادی‘‘ کے سلسلے میں پیر کو یہاں اورنگی ٹاؤن میں منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے، جس میں حق پرست رکن قومی اسمبلی سید امین الحق، قائد حزبِ اختلاف سندھ اسمبلی علی خورشیدی، اراکین صوبائی اسمبلی اعجاز الحق، مظاہر امیر، نصیر احمد، اراکینِ مرکزی کمیٹی، جوائنٹ انچارج سی او سی و کمیٹی، ٹاؤن اور یوسیز کے ذمّے داروں، کارکنوں، علاقہ عمائدین و معززین اور عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اہم خبریں سے مزید