اسلام آباد ، کراچی ( کامرس رپورٹر ، نیوز رپورٹر ، نمائندہ جنگ) پاکستان کے کاروباری اداروں کے اعتماد میں اضافہ، مستقبل کے بارے میں 61فیصد پر امید‘46فیصدنے موجودہ حکومت کی کارکردگی اورمعاشی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اسے پی ٹی آئی دورسے بہترقراردیا جبکہ 61فیصد شرکاء نے موجودہ کاروباری آپریشنز کو اچھا یا بہت اچھا کہاہے ‘ پاکستانی کاروباری برادری کا قومی سمت پر اعتماد4سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا،ادھروزیراعظم شہباز شریف نے پاکستانی کاروباری اداروں کے ملکی معاشی سمت پر اعتماد کے بارے حالیہ گیلپ سروے بزنس کانفیڈینس انڈیکس رپورٹ پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا ہے کہ گیلپ سروے کے نتائج کاروباری برادری کیلئے ملک کی سیاسی و اقتصادی صورتحال میں استحکام کے عکاس ہیں۔ تفصیلات کے مطابق گیلپ پاکستان کے حالیہ بزنس کانفیڈنس سروے کے مطابق مہنگائی، بڑھتے توانائی اخراجات اور کاروباری آپریشنز چلانے میں لوڈ شیڈنگ جیسی مشکلات کے باوجود کاروباری اعتماد میں بہتری آئی ہے۔ سروے نتائج کے مطابق ملک کی مجموعی سمت کے بارے میں کاروباری اداروں کے رائے میں نمایاں بہتری آئی ہے اورملکی سمت کے کا اسکور 2024کی آخری سہ ماہی سروے رپورٹ کے مقابلے میں ڈرامائی طورپر بہتر ہوکرمنفی 2فیصد ہوگیاہے۔ اگرچہ یہ سکور اب بھی منفی ہے لیکن 2021کی چوتھی سہ ماہی کے بعد اعتماد کی بلندترین سطح پر ہے۔ سروے کے مطابق46فیصد کاروباری اداروں نے تحریک انصاف کے مقابلے میں موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کیا ہے جبکہ ایک سال پہلے یہ شرح 24فیصد تھی۔ گزشتہ سروے کے مقابلے میں 6فیصد بہتری کے ساتھ سروے کے 61فیصد شرکاء نے موجودہ کاروباری آپریشنز کو اچھا یا بہت اچھا قراردیا ہے۔ دریں اثناء پیر کو وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومتی اقدامات اور اصلاحاتی ایجنڈے کی بدولت سے سسٹم میں شفافیت آئی ہے اور تاجر برادری کے لئے آسانیاں پیدا ہوئی ہیں ۔