• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا: چیٹ جی پی ٹی کے ڈائیٹ پلان نے 60 سالہ شخص کو اسپتال پہنچا دیا

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو

چیٹ جی پی ٹی سے ڈائیٹ پلان (کھانے پینے کی روٹین) تیار کروانے والا 60 سالہ امریکی شخص اسپتال پہنچ گیا۔

’نیویارک پوسٹ‘ کے مطابق 60 سالہ امریکی شخص اس وقت اسپتال پہنچا جب اس نے کھانے کے نمک (سوڈیم کلورائیڈ) کے مضر اثرات کے بارے میں پڑھنے کے بعد ChatGPT سے پوچھا کہ اسے اپنی خوراک سے کیسے نکالا جا سکتا ہے؟

میڈیا رپورٹس کے مطابق آرٹیفیشل انٹیلیجنس ٹول چیٹ جی پی ٹی نے اس شخص کو بتایا کہ نمک کی جگہ ’سوڈیم برومائیڈ‘ کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ظاہری شکل میں سوڈیم برومائیڈ نمک جیسا نظر آتا ہے لیکن یہ بالکل مختلف کیمیکل ہے جو عموماً صنعتی اور صفائی کے کاموں میں استعمال ہوتا ہے، سوڈیم برومائیڈ کو زیادہ مقدار میں کھانے سے دماغی و جسمانی پیچیدگیاں پیدا ہو سکتی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق 60 سالہ امریکی شخص نے غذائیت (Nutrition) کی تعلیم حاصل کر رکھی تھی اور اس نے تجرباتی طور پر اپنی خوراک سے سوڈیم کلورائیڈ مکمل ختم کر کے آن لائن خریدے گئے سوڈیم برومائیڈ کو استعمال کرنا شروع کر دیا۔

تین ماہ تک اس خطرناک ڈائیٹ پلان پر عمل کرنے کے بعد امریکی شہری شدید پیاس، جسمانی عدم توازن اور ذہنی الجھنوں جیسی علامات کا شکار ہونے کے سبب اسپتال پہنچ گیا۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق ڈاکٹروں نے پہلے مذکورہ شخص کا فلوئڈز، الیکٹرولائٹس اور اینٹی سائیکوٹک ادویات سے علاج کیا، بعدازاں فرار کی کوشش کے بعد اسے اسپتال کے نفسیاتی وارڈ میں منتقل کردیا جہاں تین ہفتے گزارنے کے بعد اس کی حالت بہتر ہوئی اور اسے ڈسچارج کر دیا گیا۔

امریکن کالج آف فزیشنز جرنل میں اس کیس اسٹڈی سے متعلق شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں ماہرین نے خبردار کیا کہ چیٹ جی پی ٹی اور دیگر اے آئی سسٹمز سائنسی غلط بیانی کر سکتے ہیں لہٰذا ان پر اعتبار نہ کیا جائے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید