وزیرِ بلدیات سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ کل جشن آزادی کا اہم پروگرام نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہو گا، جس کے لیے پارکنگ کا انتظام ایکسپو سینٹر اور چائنا گراؤنڈ میں کیا گیا ہے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہریوں کو پارکنگ سے اسٹیڈیم پہنچانے کے لیے شٹل سروس ہوگی، خواتین اور مرد حضرات کے لیے الگ الگ شٹل ہیں۔
سعید غنی نے بتایا کہ اسٹیڈیم کے گیٹ 12، 13 اور 14 مردوں کے داخلے کے لیے ہیں، 7 انکلوژر مرد حضرات کے لیے مختص ہیں، خواتین، فیملیز یا اسپیشل بچے گیٹ 3، 4 اور 6 سے داخل ہوں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ خواتین کے لیے اقبال قاسم انکلوژر مختص ہے، نسیم الغنی انکلوژر اسپیشل بچوں اور ان کی فیملیز کے لیے ہو گا، فیملیز کے لیے نذر محمد سمیت 5 انکلوژر ہیں، اسٹیڈیم میں داخلے کے لیے اصل شناختی کارڈ ساتھ لائیں۔
سعید غنی کا کہنا ہے کہ کھانے کی اشیاء، ماچس، لائٹر، اسلحہ اسٹیڈیم لانے پر پابندی ہے، پاکستانی جھنڈے کے سوا کوئی پرچم لانے کی اجازت نہیں، 2 لاکھ سے زائد افراد کی رجسٹریشن ہو چکی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جن افراد نے کل رجسٹریشن کرا لی تھی ان کو پاسز بھجوا رہے ہیں، گنجائش سے زیادہ افراد آئے تو گیٹ بند کرنے پڑیں گے، کل شہری جلدی آ جائیں، اسٹیڈیم بھر جائے گا تو گیٹ بند کر دیں گے۔
وزیرِ بلدیات سندھ سعید غنی کا یہ بھی کہنا ہے کہ کوشش کریں گے کہ شہر کے مختلف علاقوں میں بھی اسکرینیں لگائیں، تقریب میں سول سوسائٹی، فلن تھراپسٹ بلا رہے ہیں۔