• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برصغیر کے مسلمانوں نے متحد ہو کر پاکستان کا حصول ممکن بنایا: ڈاکٹر محمد فیصل

برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ برصغیر کے مسلمانوں نے متحد ہو کر پاکستان کا حصول ممکن بنایا، آج بھی ہمیں اسی طرح اتحاد کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔

وہ یومِ آزادی پاکستان کے موقع پر پاکستان ہائی کمیشن لندن میں منعقدہ خصوصی تقریب میں بطور خاص اظہارِ خیال کر رہے تھے۔

یومِ آزادی کے موقع پر لندن ہائی کمیشن نے معرکۂ حق اور آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی کا جشن خصوصی طور پر منایا۔

تقریب میں سفارت کاروں، بڑی تعداد میں پاکستانی کمیونٹی کے ارکان، میڈیا کے نمائندوں اور پاکستانی ہائی کمیشن کے حکام نے اہلِ خانہ کے ساتھ شرکت کی۔

اس خصوصی تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا، اس موقع پر صدر مملکت، وزیرِ اعظم اور نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ کے پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔

ہائی کمشنر پاکستان نے قومی ترانے کی دھن پر قومی پرچم لہرایا اور وطن کے لیے لڑنے اور قربانیاں دینے والے بانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے بانی اور آبا ؤ اجداد ایک مقصد کے لیے متحد رہے اور برصغیر کے مسلمانوں کو ایک علیحدہ وطن پاکستان کی صورت میں کامیابی حاصل کی، اسی جذبے کے تحت پوری پاکستانی قوم متحد رہی اور بہادر افواج کے ساتھ مل کر آپریشن بنیان مرصوص کے دوران دشمن کو شکست دی۔

ہائی کمشنر نے کہا کہ ہماری آزادی شہداء اور غازیوں کا قرض ہے جو کبھی ادا نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے اپنے حقِ خودارادیت کے لیے جدوجہد کرنے والے کشمیری عوام کے لیے ہر فورم پر پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا اور برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کے درمیان اتحاد کی اہمیت پر زور دیا اور برطانوی پاکستانیوں کی محنت، لگن اور جذبے کو سراہا جو پاکستان اور برطانیہ کو آپس میں جوڑنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

ڈاکٹر محمد فیصل نے پاکستان کی معاشی ترقی میں نوجوانوں اور بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی شرکت پر بھی زور دیا۔

انہوں نے اس موقع پر اعلان کیا کہ قومی ایئر لائن جلد ہی برطانیہ کے لیے فلائٹ آپریشن دوبارہ شروع کرے گی۔

ڈاکٹر محمد فیصل نے پاکستان یو کے ٹریڈ ڈائیلاگ کے آغاز کے بارے میں بھی کہا کہ اس سے برطانیہ اور پاکستان کے درمیان تجارتی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

تقریب کے دوران ہائی کمشنر نے صدر پاکستان آصف علی زرداری کی جانب سے کموڈور جواد خواجہ کو ستارۂ امتیاز (ملٹری) سے نوازا، جو اس وقت پاکستان ہائی کمیشن، لندن میں دفاع اور بحریہ کے مشیر کے طور پر تعینات ہیں۔

اس موقع پر پاکستان کی بقا اور سلامتی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

قومی گیت، موسیقی اور بچوں کے لیے پینٹنگ کا مقابلہ بھی اس تقریب کا حصہ تھے۔

بعد ازاں ہائی کمشنر نے اپنی اہلیہ اور مہمانوں کے ہمراہ پاکستان کے یومِ آزادی کی خوشی میں کیک کاٹا۔

برطانیہ و یورپ سے مزید