• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانوی چانسلر ریچل ریوز کی جانب سے مڈل کلاس گھروں پر نیا ٹیکس متعارف کرانے کی تیاری

برطانوی حکومت مالی بحران سے نمٹنے کے لیے بڑے اقدامات کرنے جا رہی ہے، چانسلر ریچل ریوز آئندہ بجٹ میں مڈل کلاس گھریلو مالکان پر نیا ٹیکس عائد کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہیں۔

اس اقدام کا زیادہ اثر لندن اور جنوب مشرقی انگلینڈ میں رہنے والے خاندانوں پر پڑے گا، ملکی معیشت کو سہارا دینے کے لیے چانسلر ریچل ریوز 25 ارب پاؤنڈ اکٹھا کرنا چاہتی ہیں۔

اس مقصد کے لیے وزارت خزانہ ایک نیا ٹیکس پیکیج تیار کر رہی ہے، جس میں 600 ملین پاؤنڈ کا اضافی سرچارج شامل ہے۔

یہ نیا ٹیکس اُن گھروں پر لگایا جائے گا، جن کی مالیت زیادہ ہے، جس کے نتیجے میں لاکھوں مڈل کلاس خاندان متاثر ہونے کا امکان ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس کا زیادہ بوجھ لندن اور جنوب مشرق کے رہائشیوں پر پڑے گا، جہاں پراپرٹی کی قیمتیں پہلے ہی بہت زیادہ ہیں۔

حکومت کا مؤقف ہے کہ ملک کے مالیاتی خسارے کو پورا کرنا ناگزیر ہو چکا ہے، جبکہ ناقدین کا کہنا ہے کہ یہ اقدام مڈل کلاس کے لیے مزید مشکلات پیدا کرے گا، جو پہلے ہی بلند مہنگائی اور رہائشی اخراجات کا سامنا کر رہے ہیں۔

حکومت اگلے بجٹ میں اس ٹیکس کا باضابطہ اعلان کرے گی، دیکھنا یہ ہے کہ نیا مالیاتی اقدام کس حد تک عوامی اور سیاسی ردعمل کا سامنا کرتا ہے۔

برطانیہ و یورپ سے مزید