• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بریڈفورڈ کے کونسلر کامران حسین 2025 کے ایل جی آئی یو کمیونٹی چیمپئن کیلئے نامزد

‎برطانیہ کے بریڈفورڈ ڈسٹرکٹ کونسل کے کونسلر کامران حسین کو 2025 کے ایل جی آئی یو اینڈ سی سی ایل اے کلر ایوارڈز میں کمیونٹی چیمپئن آف دی ایئر کے لیے شارٹ لسٹ کر لیا گیا ہے، جو مقامی حکومت کے سب سے معزز اور سخت مقابلے والے ایوارڈز میں شمار ہوتا ہے۔ یہ نامزدگی اُن کی ضلع بھر میں نمایاں اور قابلِ پیمائش خدمات کا اعتراف ہے۔

‎یہ ایوارڈز، جو اب اپنے 16ویں سال میں داخل ہو چکے ہیں، مقامی کونسلرز کے اُن اہم کرداروں کو اجاگر کرتے ہیں جو وہ اکثر خاموشی سے انجام دیتے ہیں، خواہ وہ شہریوں کے مسائل حل کرنا ہو، خدمات میں بہتری لانا ہو یا مقامی جمہوریت کو مضبوط بنانا ہو۔

‎اس سال انگلینڈ، ویلز اور اسکاٹ لینڈ سے 400 سے زائد نامزدگیاں موصول ہوئیں، جس کے باعث مقابلہ غیر معمولی طور پر سخت رہا۔ ‎دیگر امیدواروں کے برعکس، کونسلر کامران حسین کو کسی ایک منصوبے کیلئے نہیں بلکہ متعدد شعبوں میں مسلسل، ہمہ گیر اور عوامی مفاد کے کاموں پر سراہا گیا ہے۔

‎ان کی قیادت میں تیار ہونے والی بریڈفورڈ کونسل کی کمیونٹی اتحاد حکمت عملی کو قومی سطح پر پذیرائی ملی ہے۔ ‎کونسلر کامران حسین نے انصاف پر مبنی خدمات تک رسائی، بچوں کی غربت کے خلاف جدوجہد اور محفوظ و ہم آہنگ محلوں کے قیام کیلیے نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ 

انہیں پالیسی اور عوامی زندگی کے درمیان مؤثر پل قرار دیا جاتا ہے، ایسی آواز جو یہ یقینی بناتی ہے کہ کونسل کے فیصلے صرف کاغذی نہ رہیں بلکہ عوام کی روزمرہ زندگی پر مثبت اثر ڈالیں۔

‎دوسری جانب نوجوان کونسلرز کی کیٹیگری میں ملٹن کینز کی کونسلر شانیکا مہندرن اور لیمبتھ کے کونسلر جان پال اینِس بھی شارٹ لسٹ ہوئے ہیں۔ ‎ایل جی آئی یو کا کہنا ہے کہ اس سال موصول ہونے والی نامزدگیاں مقامی حکومت میں موجود مضبوط قیادت کی عکاس ہیں۔

‎ایوارڈ کے ججز اب شارٹ لسٹ کا جائزہ لیں گے جبکہ انگلینڈ اور ویلز کے فاتحین کا اعلان 18 نومبر کو لندن کے گلڈ ہال میں کیا جائے گا۔ ‎

ایل جی آئی یو کے چیف ایگزیکٹو جوناتھن کار ویسٹ نے تمام نامزد امیدواروں کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ اپنے علاقوں کو بہتر بنانے کیلئے حد سے بڑھ کر کوششیں کرتے ہیں اور عوامی خدمت کی بہترین مثال ہیں۔

‎بریڈفورڈ کے عوام کے لیے یہ نامزدگی کونسلر کامران حسین کی اُن خدمات کا قومی سطح پر اعتراف ہے جو پہلے ہی ہزاروں باشندوں کی زندگیوں میں بہتری لا چکی ہے۔

برطانیہ و یورپ سے مزید