مسلم لیگ (ن) فرانس نے اسلام آباد کے جوڈیشل کمپلیکس کے قریب ہونے والے خودکش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
سینئر رہنما تصور حسین تارڑ، میاں محمد حنیف، چوہدری ریاض بھاپا اور راجہ اشفاق حسین نے کہا کہ اس افسوسناک واقعے میں پاک وطن کے بہادر سپوتوں کی شہادت نہ صرف قومی المیہ ہے بلکہ پوری قوم کے لیے انتہائی دکھ اور صدمے کا باعث ہے۔ دہشت گرد عناصر کبھی بھی قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔
تصور حسین تارڑ اور دیگر رہنمائوں نے جنگ سے گفتگو میں کہا کہ دہشت گردی کے ایسے واقعات کا مقصد ملک میں امن و استحکام کو کمزور کرنا اور عوام میں خوف و ہراس پھیلانا ہے، لیکن پاکستانی قوم اور افواجِ پاکستان ان سازشوں کو ناکام بنائیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) فرانس، شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتی ہے اور دعا گو ہے کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے اور زخمیوں کو جلد صحتِ کاملہ عطا فرمائے۔
تصور حسین تارڑ نے کہا کہ وطنِ عزیز کے استحکام اور عوام کے تحفظ کے لیے تمام قومی ادارے اور سیاسی قوتیں متحد ہیں اور دشمن کی کوئی بھی سازش کامیاب نہیں ہوگی۔