• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آل پارٹیز پارلیمانی گروپ برطانوی ایوانوں میں کشمیریوں کا اہم پلیٹ فارم ہے، عمران حسین

برطانوی پارلیمنٹ میں آل پارٹیز پارلیمانی گروپ برائے کشمیر کے چیئرمین اور رکن پارلیمنٹ عمران حسین نے کہا ہے کہ آل پارٹیز پارلیمانی گروپ برائے کشمیر، کشمیریوں کی آواز کو برطانوی ایوانوں تک پہنچانے کا اہم پلیٹ فارم ہے۔

وہ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ برطانیہ زون کے سفارتی ونگ کے ایک نمائندہ وفد سے گفتگو کر رہے تھے، جنہوں نے ان سے جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے محبوس چیئرمین یاسین ملک کے کیس اور ریاست جموں کشمیر کی تازہ ترین سیاسی، انسانی اور سفارتی صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔

وفد میں جموں کشمیر لبریشن فرنٹ برطانیہ زون کے سفارتی ونگ کے سردار نسیم اقبال، سینیئر نائب صدر علی اصغر، نائب صدر محمد سوداگر، جنرل سیکریٹری ایس ایم ابراہیم، سابق جنرل سیکریٹری شکیل جرال، فنانس سیکریٹری طاہر حسین، نمبردار ناصر امین اور دیگر عہدیداران شامل تھے۔ 

جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے وفد نے برطانوی رکن پارلیمنٹ عمران حسین کو بھارت کے زیر قبضہ جموں کشمیر میں جاری انسان حقوق کی خلاف ورزیوں، چیئرمین یاسین ملک سمیت کشمیری سیاسی قیدیوں کی مسلسل قید و بند اور خطے میں بگڑتی ہوئی صورتحال سے آگاہ کیا۔

وفد نے اس بات پر زور دیا کہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے حق خود ارادیت دی جائے جو ہر مقبوضہ قوم کا بنیادی اور ناقابلِ تنسیخ حق ہے، عالمی برادری خصوصاً برطانیہ اپنی اخلاقی و قانونی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے تنازعہ جموں کشمیر کے پُرامن اور منصفانہ حل کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔ 

عمران حسین نے اس عزم کا اظہار کیا وہ پارلیمنٹ میں جموں کشمیر کے انسانی حقوق، یاسین ملک سمیت تمام سیاسی قیدیوں اور کشمیری عوام کی محرومیوں سے متعلق آواز مضبوطی سے بلند کرتے رہیں گے۔ 

انہوں نے کہا کہ مسئلہ جموں کشمیر ایک قوم کی آزادی، وقار اور جنوبی ایشیا میں امن قائم کرنے کے لیے ایک اہم اور بین اقوامی مسئلہ ہے جس کا حل خطے میں پائیدار عالمی امن کیلئے ناگزیر ہے۔ کشمیری عوام کے حقوق کے لیے پارلیمانی سطح پر ایک فعال اور مؤثر پلیٹ فارم ہے۔

انہوں نے کہا کہ برطانیہ کو یہ ذمہ داری ادا کرنی چاہیے کہ تنازعہ کشمیر کا حل امن، انصاف اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق نکالا جائے۔ انسانی حقوق، انصاف اور بین الاقوامی قانون پر سرگرم آواز کشمیر اور آزاد جموں و کشمیر کی صورتحال پر باقاعدہ پارلیمانی بحث کا حصہ ہیں اپنی چیئرمن شپ کےدوران کشمیریوں کے لیے آواز اٹھائی، قیدیوں بالخصوص یاسین ملک کی قید سمیت اہم مسائل مسلسل پارلیمنٹ میں اٹھا رہے ہیں۔

انہوں نے برطانیہ میں مقیم کشمیریوں کو آپس میں مل کر سفارتی سطح پر جہدوجہد جاری رکھنے پر زور دیا، وفد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کشمیریوں کی سیاسی سفارتی جدوجہد، حقِ خود ارادیت اور انسانی حقوق کے لیے سفارتی رابطہ کاری دونوں سطح پر مزید مضبوط کی جائے گی۔

جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے وفد نے عمران حسین کو آل پارٹیز پارلیمانی گروپ برائے جموں کشمیر کا چیئرمین بننے پر مبارکبادی۔

اس موقع پر جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے وفد نے فرنٹ کے چیئرمین یاسین ملک پر ایک بریفنگ پیپر اور عالمی برادری کے نام اپیل کی نقول انھیں پیش کی۔ جبکہ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے برطانیہ زون کے سفارتی ونگ کے سربراہ سردار نسیم اقبال نے اپنی تصنیف بھی جموں کشمیر سے یورپ تک، عمران حسین کو پیش کی۔

برطانیہ و یورپ سے مزید