حزب اللّٰہ کے سربراہ نعیم قاسم نے لبنانی حکومت کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے ایران کی حمایت یافتہ اس تنظیم کو غیر مسلح کرنے کی کوشش کی تو ملک میں امن ختم ہو جائے گا اور خانہ جنگی کا خدشہ ہے۔
نعیم قاسم نے لبنانی حکومت پر الزام لگایا کہ وہ امریکا اور اسرائیل کے دباؤ میں آ کر لبنان کو ان کے حوالے کر رہی ہے۔
ایران کے اعلیٰ سیکیورٹی عہدیدار علی لاریجانی سے ملاقات کے بعد اپنے ٹی وی خطاب میں نعیم قاسم نے مزید کہا کہ حزب اللّٰہ اپنے ہتھیار اس وقت تک نہیں چھوڑے گی جب تک جارحیت اور قبضہ جاری ہے اور ضرورت پڑنے پر اس منصوبے کے خلاف لڑے گی۔
انہوں نے بتایا کہ حزب اللّٰہ اور اس کی اتحادی جماعت امل نے غیر مسلح کرنے کے امریکی حمایت یافتہ منصوبے کے خلاف احتجاج فی الحال مؤخر کر دیا ہے لیکن مستقبل میں یہ احتجاج امریکی سفارتخانے تک بھی پہنچ سکتا ہے۔