بھارتی ریاست اوڑیشہ میں ایک شخص کو بیوی کی پٹائی کرنے پر سسرالیوں نے درخت سے باندھ کر تشدد کا نشانہ بنایا۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ اوڑیشہ کے ضلع گجپتی میں جلانتا بالیار سنگھ نامی ایک شخص کو اس کے سسرال والوں نے درخت سے باندھ کر تشدد کا نشانہ بنایا۔
رپورٹ کے مطابق بالیار سنگھ نے اپنی بیوی سوبھا درا کو مارا تھا، جس کے والدین دوسرے گاؤں میں رہتے ہیں۔ گاؤں کی پنچایت نے معاملے کی سماعت کے بعد فیصلہ کیا کہ بیوی کچھ ماہ کےلیے اپنے والدین کے گھر واپس چلی جائے۔
واقعے کے ایک سال بعد بالیار سنگھ فیملی کورٹ میں مقدمے کی سماعت کیلئے پہنچا تو وہاں پر اس کا اپنے سسرال والوں سے جھگڑا ہوگیا۔
جھگڑے کے بعد سسرال والوں نے اپنے داماد کو پکڑ کر درخت سے باندھ دیا اور اسے تشدد کا نشانہ بنایا، جو پوری رات درخت کے ساتھ بندھا رہا۔
اگلی صبح پولیس نے پہنچ کر بالیار سنگھ کی رسیوں سے آزاد کیا اور واقعے کی تحقیقات شروع کردی۔