کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام معرکہ حق جشن آزادی کی 78سالہ تقریبات صوبائی ، ڈویژنل اور ضلعی ہیڈ کوارٹرز اور یونٹس میں نہایت تزک اور احتشام کے ساتھ منعقد کی گئیں ، قومی پرچم لہرائے گئے اور قومی ترانہ پڑھا گیا جبکہ یکم اگست سے 14اگست تک ہونے والی تقریبات کے شرکاء کو اسناد دی گئیں ۔ گلستان اسکاؤٹس ٹریننگ سینٹر کراچی میں 13اگست کی سہ پہر سے تقریبات کا آغاز ہوا اور رات بارہ بجے ریڈیو پاکستان سے 13اور 14اگست کی درمیانی شب نشر ہونے والا اعلان سنایا گیا ، قومی پرچم لہرا کر قومی ترانہ پڑھا گیا اور پاکستان کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا ۔ تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی اسکاؤٹ کمشنر جسٹس (ر) حسن فیروز تھے ، تقریب سے مہمان خصوصی کےعلاوہ صوبائی سیکریٹری سید اختر میر ، صوبائی خازن محمد حسین مرزااور پاکستان فرنیچر ز ایسوسی ایشن کے صدر رانا وحید نے بھی خطاب کیا جبکہ ڈائریکٹر جنرل کالجز پروفیسر نوید رب صدیقی ، ڈپٹی سیکریٹری فرقان احمد یوسفی ، انور علی بھٹی نے اسکاؤٹس میں انعامات تقسیم کئے ۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی جسٹس (ر) حسن فیروز کا کہنا تھا کہ دنیا میں جتنی بھی جنگیں پانی کیلئے لڑی گئیں ان میں جیت حق کی ہوئی اور باطل کو منہ کی کھانی پڑی۔