• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بونیر: عمر خان کے گھر کے 21 افراد سیلابی ریلے میں بہہ گئے

—تصاویر بشکریہ سوشل میڈیا
—تصاویر بشکریہ سوشل میڈیا

بونیر کے عمر خان کے گھر کے 21 افراد سیلابی ریلے میں بہہ گئے، کچھ کی لاشیں مل گئیں۔

قادر نگر کے عمر کے بھائی کی شادی کی خوشیاں سیلاب کی نذر ہو گئیں، اہلِ خانہ نے اپنے پیاروں کی لاشیں ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

قادر نگر سے ’جیو نیوز‘ کی جانب سے خصوصی کوریج کی گئی ہے، جہاں اب تک سرکاری امدادی ادارے نہ پہنچ سکے، وہاں جیو نیوز پہنچ گیا، قادر نگر میں سیلابی ریلے میں بہہ کر 84 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

خیبر پختون خوا میں بادل پھٹنے کے بعد سیلاب سے جاں بحق افراد کی تعداد 328 ہو گئی ہے، متاثرہ علاقوں میں ہر طرف ملبے اور بہہ کر آنے والے بڑے بڑے پتھروں کے ڈھیر ہیں۔

سوات میں سیلابی ریلوں سے سرکاری اسکول کی عمارت بھی متاثر ہوئی، پرنسپل نے حاضر دماغی سے کام لے کر سیلاب کے وقت اسکول میں موجود 936 بچوں کو فوری طور پر محفوظ مقام پر منتقل کر دیا۔

مزید بارشوں کی پیش گوئی کے پیشِ نظر دریائے سوات اور برساتی نالوں کے اطراف کی آبادی کو محفوظ مقام پر منتقلی کی ہدایت کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے، پاک فوج، ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اور مقامی رضاکاروں کی امدادی کارروائیاں جاری ہیں، پاک فوج کی ٹیم آلات کی مدد سے ملبے کے نیچے دبے زخمیوں اور لاشوں کو ڈھونڈنے میں مدد کر رہی ہے۔

انجینئرنگ کور کے جوان ٹوٹے ہوئے پلوں اور بند راستے کھولنے میں مصروف ہیں، گلگت بلتستان میں 4 روز سے شاہراہِ بلتستان بند، پیٹرولیم مصنوعات اور اشیائے خور و نوش کی شدید قلت ہے۔

ستق نالہ روندو کا سیلاب مسجد اور رہائشی ہوٹل کے متعدد کمرے بہا لے گیا، باغیچہ کا آر سی سی پل سیلاب کی نذر ہو گیا، بلاغونڈ نالے کے سیلاب میں پاور ہاؤس بہہ گیا۔

قومی خبریں سے مزید