اسرائیل کے ملٹری انٹیلی جنس کے سابق سربراہ میجر جنرل اہارون حلیوا کی آڈیو ریکارڈنگ لیک ہوگئی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی ملٹری انٹیلی جنس کے سابق میجر جنرل اہارون حلیوا کا لیک ہونے والی آڈیو میں کہنا تھا کہ غزہ میں دسیوں ہزار فلسطینیوں کی ہلاکتیں آئندہ نسلوں کے لیے ضروری ہیں۔ 7 اکتوبر کو ہر 1 شخص کے بدلے 50 فلسطینیوں کو مرنا ہوگا چاہے وہ بچے ہی کیوں نہ ہوں۔
دوسری جانب فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کی جانب سے فلسطینیوں کے خلاف ان ریمارکس کی مذمت کی گئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق حماس کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ حلیوا کا بیان اس بات کا ثبوت ہے کہ فلسطینیوں کے خلاف جرائم اسرائیل کی سرکاری پالیسی ہے۔
سابق اسرائیلی میجر کی یہ آڈیو ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب اسرائیل کی غزہ پر جاری جارحیت پر بین الاقوامی تنقید نے شدت اختیار کر لی ہے۔