غزہ ٹریبونل کے صدر رچرڈ فالک نے کہا ہے کہ غزہ میں نسل کشی کے خطرناک مرحلے کو روکنے کے لیے اقوام متحدہ مسلح مداخلت کرے۔
عرب میڈیا کے مطابق استنبول میں غیر جانب دار غزہ ٹریبونل کی جانب سے غزہ میں نسل کشی روکنے کے لیے عالمی برادری سے اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
غزہ ٹریبونل کے صدر، امریکی پرنسٹن یونی ورسٹی کے پروفیسر اور اقوام متحدہ کے سابق خصوصی نمائندے برائے فلسطین رچرڈ فالک نے حکومتوں پر زور دیا ہے کہ وہ سلامتی کونسل کو ایک بااختیار ادارہ بنانے میں کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ اگر اب بھی مناسب اور بہتر اقدامات نہیں کیے گئے تو بہت دیر ہو جائے گی۔
رچرڈ فالک نے مزید کہا کہ دنیا کے سننے اور دیکھنے کی صلاحیت کا بھانڈا پھوٹ چکا ہے جیسا ہولوکوسٹ سمیت آج کی حقیقی نسل کشی اس سے قبل اتنی واضح کبھی نہیں تھی، یہ ہماری انسانیت کے لیے آزمائش ہے۔