• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راشد منہاس شہید کا 54 واں یوم شہادت آج منایا جارہا ہے

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

پاک فضائیہ کے جانباز ہیرو پائلٹ افسر راشد منہاس شہید (نشانِ حیدر) کا آج 54واں یومِ شہادت منایا جارہا ہے۔

پائلٹ افسر راشد منہاس شہید نے 20 اگست 1971ء کو جام شہادت نوش کیا، وہ معمول کی ٹریننگ فلائٹ کے لیے جہاز میں سوار ہوئے تو بنگالی انسٹرکٹر نے زبردستی جہاز کا کنٹرول سنبھال لیا۔

پائلٹ افسر راشد منہاس شہید نے جہاز کا رُخ موڑنے کے لیے مزاحمت کی اور جہاز کا رُخ زمین کی جانب موڑ دیا اور انسٹرکٹر کی لاکھ کوشش کے باوجود جہاز بھارتی سرحد سے 32 میل کی دوری پر تباہ کر دیا۔

پائلٹ افسر راشد منہاس شہید نے اپنی جان کی قربانی دے کر جہاز کو دُشمن ملک لے جانے کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔ راشد منہاس شہید نشانِ حیدر کا اعزاز حاصل کرنے والے سب سے کم عمر مجاہد تھے۔

 دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے راشد منہاس کی برسی پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ راشد منہاس کی عظیم قربانی ہمت اور لگن کی اعلیٰ روایات کی مظہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ راشد منہاس نے پاکستان کی خودمختاری کے تحفظ کے لیے جام شہادت نوش کیا، ان کا جذبہ، وفاداری اور حب الوطنی افواج اورقوم کے لیے لازوال ترغیب کاباعث ہے۔

قومی خبریں سے مزید