نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ایمرجنسی الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ میں 24 تا 28 اگست تک شدید بارش کا سسٹم متوقع ہے، جس سے کراچی اور حیدرآباد میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق حیدر آباد میں 1 سے 2 گھنٹوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش متوقع ہے، تیز بارش کے باعث حیدرآباد میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے بتایا ہے کہ ایک سے ڈیڑھ گھنٹے میں کراچی میں بھی تیز بارش متوقع ہے، یہ موسلادھار بارش کراچی میں اربن فلڈنگ اور بجلی کے تعطل کا باعث بن سکتی ہے۔
این ڈی ایم اے نے ہدایت کی ہے کہ کراچی اور حیدرآباد کے شہری زیرِ آب سڑکوں پر سفر سے گریز کریں اور بجلی کے کھمبوں سے دور رہیں، گھروں اور آس پاس کے علاقوں میں نکاسیٔ آب کے نظام کو چیک کریں۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے یہ بھی کہا ہے کہ کراچی اور حیدرآباد کے نشیبی علاقوں کے مکین ہنگامی کِٹ تیار رکھیں، ضروری اشیاء، پانی، خوراک، ٹارچ اور فرسٹ ایڈ کِٹ تیار رکھیں۔