• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پہاڑی تودہ گرنے کے بعد والدہ کی لاش کبھی نہیں ملی: پوجا بیدی

—تصاویر بشکریہ بھارتی میڈیا
—تصاویر بشکریہ بھارتی میڈیا

بالی ووڈ اداکارہ پوجا بیدی کا کہنا ہے کہ 1998ء میں مانسرور میں پہاڑی تودہ گرنے کے بعد میری والدہ پروتیما کی لاش کبھی نہیں ملی، وہ اسی طرح دنیا سے گئیں جس طرح وہ چاہتی تھیں۔

بھارتی میڈیا کو حالیہ انٹرویو میں پوجا بیدی نے اپنی والدہ ماڈل اور کلاسیکل رقاصہ پروتیما بیدی کی یاد کو تازہ کیا ہے جو 1998ء کیلاش مانسرور یاترا کے دوران لینڈ سلائیڈنگ میں چل بسی تھیں۔

پوجا بیدی نے انٹرویو میں کہا ہے کہ مجھے اس بات کا افسوس ہے کہ میری والدہ پروتیما 50 سال کی ہونے سے پہلے ہی چل بسیں البتہ وہ اسی طرح دنیا سے رخصت ہوئیں جس طرح وہ چاہتی تھیں۔

انہوں نے کہاکہ بہت کچھ ہے جو میں والدہ کے ساتھ کرنا چاہتی تھی لیکن وہ ایک ایسی خاتون تھیں جنہوں نے اپنی شرائط پر زندگی گزاری، وہ جس طرح چاہتی تھیں، اسی طرح انہوں نے زندگی جی اور حقیقت میں وہ اسی طرح مریں جس طرح وہ چاہتی تھیں۔

پوجا بیدی نے انکشاف کیا کہ میر ی والدہ پروتیما کی لاش کبھی نہیں ملی، وہ ہمیشہ کہتی تھیں کہ وہ فطرت کے درمیان مرنا چاہتی ہیں اور اس خوبصورت و شاندار زندگی کے اختتام پر وہ نہیں چاہتی تھیں کہ انہیں کسی شمشان گھاٹ میں دھکیل دیا جائے جہاں ان کی راکھ کو گنگا میں بہانے کی رسم ادا کی جائے، یہ ان کے لیے ایک شاندار اختتام تھا، ان کی لاش کبھی نہیں ملی، وہ کائنات کا، زمین کا حصہ بن گئیں۔

پوجا بیدی کی والدہ پروتیما بیدی 1948ء میں دہلی میں پیدا ہوئیں ان کے والد ہریانوی اور والدہ بنگالی تھیں، 1960ء کی دہائی میں انہوں نے ماڈلنگ شروع کی اور 1974ء میں ایک میگزین کے لیے ممبئی کے جوہو بیچ پر برہنہ دوڑ لگانے کی وجہ سے شہرت پائی۔

ایک سال بعد انہوں نے اوڈیسی رقص سیکھنا شروع کیا اور 1990ء میں بنگلورو کے مضافات میں ایک مفت ڈانس سیکھنے کا ادارہ قائم کیا۔

پروتیما نے 1969ء میں کبیر بیدی سے شادی کی اور 1974ء میں ان کی علیحدگی ہو گئی۔

ان کے دو بچے پوجا اور سدھارتھ ہیں، سدھارتھ نے خودکشی کر لی تھی۔

پروتیما نے 1997ء میں بیٹے کی موت کے بعد اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا اور ایک سال بعد 18 اگست 1998ء کو لینڈ سلائیڈنگ میں زندگی کھو دی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید