لاہور(خصوصی رپورٹر)۔چیئرپرسن وزیراعلیٰ پنجاب انسپکشن، سرویلنس و مانیٹرنگ ڈائریکٹوریٹ بریگیڈیئر (ریٹائرڈ) بابر علاؤالدین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسانوں کے ساتھ ساتھ جانوروں کی زندگیوں کی حفاظت کرنا بھی ریسکیو اور لائیوسٹاک کی اہم ذمہ داری ہے۔ کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں ہونا چاہیے۔ ریسکیو کیے گئے مویشیوں کی ویکسینیشن کا عمل اور تحفظ کو بروقت یقینی بنایاجائے۔ بریگیڈیئر ( ر) بابر علاؤالدین کی زیرصدارت دریائے ستلج تلوار پوسٹ ودیگر ملحقہ مقامات میں سیلابی صورت حال کا جائزہ لینے کیلئے اہم اجلاس ڈی سی کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈی سی عمران علی، ڈی پی اومحمدعیسیٰ خاں، ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن تابندہ سلیم، اے ڈی سی آر، اے ڈی سی جی، اے ڈی سی ایف اینڈ پی، اے سی قصور، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ، سی ای اوز ہیلتھ وایجوکیشن،سول ڈیفنس آفیسر، انچارج ریسکیو 1122، لائیو سٹاک، ایری گیشن، پولیس،رینجرز ودیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔