اسلام آباد،( نامہ نگار) نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل) کا 25واں کانووکیشن کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔ یہ دو روزہ تقریب نمل کی سلور جوبلی کا بھی حصہ تھی، جس میں یونیورسٹی کے 25 سالہ تعلیمی، تحقیقی، ثقافتی اور تدریسی سفر کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ کل 1271 فارغ التحصیل طلبہ کو ڈگریاں دی گئیں، جن میں افغانستان کے طلبہ بھی شامل تھے۔ ان میں سے 94 طلبہ کو گولڈ میڈل ان کی شاندار تعلیمی کارکردگی کے اعتراف میں عطا کیے گئے۔ تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت خالد مقبول صدیقی تھے۔ اس موقع پر ریکٹر نمل میجر جنرل (ریٹائرڈ) شاہد محمود کیانی ہلال امتیاز (ملٹری)، ڈائریکٹر جنرل نمل بریگیڈیئر شہزاد منیر، اساتذہ، والدین اور معزز مہمانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔