• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الخدمت فاؤنڈیشن کے 3 ہزار سے زائد رضاکار امدادی کارروائیوں میں مصروف

اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر )صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان نے ملک کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں کے لیے اب تک 25 کروڑ روپے سے زائد خرچ کیے ہیں۔ الخدمت کے 3 ہزار سے زائد تربیت یافتہ رضاکار بونیر، باجوڑ، بٹگرام، سوات، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے متاثرہ اضلاع میں دن رات امدادی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہیں۔ ہمارے بے لوث رضاکار اب تک 408 متاثرہ افراد کو ریسکیو کر کے محفوظ مقامات تک منتقل کر چکے ہیں۔ الخدمت کے 6موبائل ہیلتھ یونٹس سیلاب زدہ علاقوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں جبکہ دیگر شہروں سے بھی ڈاکٹرز اور میڈیکل اسٹاف متاثرین کی خدمت کے لیے روانہ کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ 18 ایمبولینسیں مریضوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں تک پہنچانے میں مصروف ہیں۔الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے متاثرہ خاندانوں کو پکا پکایا کھانا، راشن پیکجز اور صاف پانی کی فراہمی پہلے دن سے جاری ہے۔ الخدمت کے رضاکار بیلچوں اور کدال کی مدد سے سڑکوں اور مکانوں سے ملبہ بھی ہٹا رہے ہیں، تاہم اس عمل کو مزید تیز کرنے کے لیے حکومتی مشینری کی فوری فراہمی ناگزیر ہے۔ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن نے بتایا کہ باجوڑ، بونیر اور بٹگرام میں الخدمت کی امدادی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔
اسلام آباد سے مزید