اسلام آباد (صالح ظافر) چین فوجی پریڈ میں بے مثال فوجی طاقت اور سفارتی برتری کا مظاہرہ کریگا۔ تفصیلات کے مطابق چین 3 ستمبر کو بیجنگ میں منعقد کی جانے والی ایک بڑی فوجی پریڈ میں اپنی جدید ترین نئی نسل کے ہتھیاروں کی ایک سیریز کی نمائش کرے گا۔ یہ پریڈ چین کے عوام کی جاپانی جارحیت کے خلاف مزاحمتی جنگ اور عالمی جنگ مخالف فاشزم میں فتح کی 80ویں سالگرہ کی یاد میں منعقد کی جا رہی ہے۔ چوتھی نسل کے ٹینکس، جدید ترین طیارے، بغیر پائلٹ کے انٹیلی جنس اور انسدادِ ڈرون آلات، اور جدید میزائل جن میں ہائپر سونک میزائل اور چھٹی نسل کے لڑاکا طیارے شامل ہیں، اس عظیم الشان فوجی پریڈ کا حصہ ہوں گے۔ اس پریڈ میں دنیا کے اہم رہنماؤں اور اعلیٰ فوجی کمانڈروں کی شرکت متوقع ہے، جن میں پاکستان کے آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیرِاعظم شہباز شریف، روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن، اور ترکی کے صدر رجب طیب اردوان شامل ہیں۔ چینی فوجی طاقت کا مظاہرہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس کے ایک دن بعد کیا جائے گا، جو یکم ستمبر کو تیانجن میں اختتام پذیر ہوگا۔ یہ اجلاس تنظیم کی تاریخ کا سب سے بڑا اجلاس ہوگا، جس میں دنیا کے 20 رہنما شرکت کریں گے۔