• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اومیگا 3 فیٹی ایسڈز رکھیں بچوں کو نظر کی کمزوری سے محفوظ

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ اومیگا 3 فیٹی ایسڈز بچوں کو نظر کی کمزوری سے محفوظ رکھنے میں معاون و مددگار ہیں۔

ہانگ کانگ کی چائنیز یونیورسٹی کے محققین کا کہنا ہے کہ نتائج سے معلوم ہوتا ہے کہ اومیگا-3 فیٹی ایسڈز بچوں میں نظر کی کمزوری پیدا ہونے کو روکنے میں مدد دے سکتے ہیں۔

اومیگا 3 فیٹی ایسڈز کے کئی ممکنہ طبی فوائد ثابت ہو چکے ہیں، جن میں دل کی بیماریوں، ڈیمنشیا اور کینسر کی کچھ اقسام کا کم خطرہ شامل ہے۔

برطانوی طبی جریدے کی رپورٹ کے مطابق نئے نتائج سے معلوم ہوتا ہے کہ اومیگا 3 بچوں میں نظر کی کمزوری (مایوپیا) کے پیدا ہونے کو روکنے میں مدد دے سکتا ہے، واضح رہے کہ مایوپیا کے شکار افراد کو دور کی چیزیں صاف دیکھنے میں دشواری ہوتی ہے۔

محققین نے بتایا ہے کہ خاص طور پر جن بچوں کی خوراک میں اومیگا 3 کی مقدار کم تھی، ان میں نظر کی کمزوری پیدا ہونے اور آنکھ یا اس کے قرنیہ کی ہیئت تبدیل ہونے، لمبوتری شکل کی آنکھ یا زیادہ خم دار قرنیہ ہونے کا امکان زیادہ تھا۔

ہانگ کانگ کی چائنیز یونیورسٹی میں امراضِ چشم کے پروفیسر سینئر تفتیش کار ڈاکٹر جیسن یام کی سربراہی میں تحقیقی ٹیم نے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ اومیگا 3 فیٹی ایسڈز مایوپیا کے پیدا ہونے کے خلاف ممکنہ حفاظتی غذائی عنصر ہے۔

تحقیق میں بھی پایا گیا کہ مکھن، پام آئل اور سرخ گوشت سے حاصل ہونے والے سیچوریٹڈ فیٹس درحقیقت نظر کی کمزوری کے خطرے کو بڑھا سکتے ہیں۔

اس تحقیق کے لیے محققین نے 6 سے 8 سال کی عمر کے 1 ہزار سے زیادہ چینی بچوں کی آنکھوں کی صحت کا جائزہ لیا، جنہیں ہانگ کانگ میں آنکھوں پر کی جانے والی ایک بڑی تحقیق سے بے ترتیب طور پر منتخب کیا گیا تھا، نتائج سے معلوم ہوا کہ ان میں سے مجموعی طور پر تقریباً ایک چوتھائی بچے یعنی 28 فیصد نظر کی کمزوری کا شکار تھے۔

محققین نے پایا کہ دیگر عوامل کو مدِ نظر رکھنے کے بعد آنکھ کی محوری لمبائی یعنی آنکھ کی سامنے سے پیچھے تک کی لمبائی ان 25 فیصد بچوں میں سب سے زیادہ تھی جن کی خوراک میں اومیگا 3 کی مقدار سب سے کم تھی۔

تحقیق میں یہ بھی پایا گیا کہ جن بچوں میں اومیگا 3 فیٹی ایسڈز کی مقدار سب سے زیادہ تھی، ان کی آنکھ کی محوری لمبائی سب سے کم تھی، جو اس بات کا اشارہ ہے کہ وہ نظر کی کمزوری سے محفوظ ہیں۔

دوسری طرف نتائج سے پتہ چلتا ہے کہ نظر کی کمزوری کی یہ علامات ان بچوں میں زیادہ تھیں جو بھاری مقدار میں سیچوریٹڈ فیٹس کھاتے تھے۔

واضح رہے کہ اومیگا 3 فیٹی ایسڈز بنیادی طور پر تیل والی مچھلی میں پائے جاتے ہیں، لیکن یہ کچھ بیجوں اور گری دار میوؤں میں بھی پائے جاتے ہیں۔

محققین نے قیاس کیا ہے کہ اومیگا 3 آنکھ میں خون کے بہاؤ کو بڑھا کر اور آنکھ کی صحت مند نشو و نما کو فروغ دے کر نظر کی کمزوری سے بچا سکتا ہے۔


نوٹ: یہ مضمون قارئین کی معلومات کیلئے شائع کیا گیا ہے۔ صحت سے متعلق امور میں اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔

صحت سے مزید