• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شردھا کپور اپنا لنکڈن اکاؤنٹ جعلی قرار دیے جانے پر پریشان

شردھا کپور—تصویر بشکریہ سوشل میڈیا
شردھا کپور—تصویر بشکریہ سوشل میڈیا

بالی ووڈ اداکارہ شردھا کپور نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے اپنا لنکڈ ان اکاؤنٹ اپنے کاروبار کے لیے بنایا تھا لیکن وہ اسے استعمال نہیں کر پا رہی ہیں کہ ان کا یہ لنکڈ ان اکاؤنٹ جعلی قرار دے دیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 38 سالہ اداکارہ آخری بار ہارر کامیڈی فلم استری 2 میں نظر آئی تھیں، انہوں نے آج اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر ایک نوٹ شیئر کیا ہے جس میں نیٹ ورکنگ پلیٹ فارم کو ٹیگ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے سائٹ پر پروفائل بناتے ہوئے مسائل کا سامنا ہے۔

انہوں نے لکھا ہے کہ میں اپنا لنکڈ ان اکاؤنٹ استعمال نہیں کر پا رہی ہوں کیونکہ لنکڈ ان کو لگتا ہے کہ یہ جعلی ہے، کیا کوئی براہِ کرم میری مدد کر سکتا ہے؟

اداکارہ نے مزید کہا ہے کہ اکاؤنٹ بن چکا ہے، پریمیئم اور تصدیق شدہ ہے، لیکن کوئی اور اسے نہیں دیکھ سکتا، میں اپنے کاروباری سفر کو شیئر کرنا چاہتی ہوں، لیکن میرا یہ اکاؤنٹ بنانا خود ایک سفر بن گیا ہے۔

واضح رہے کہ فلم ’تو جھوٹی، میں مکار‘ کی اداکارہ شردھا کپور ایک جیولری برانڈ کی شریک بانی اور برانڈ ایمبیسیڈر ہیں، یہ برانڈ 2022ء میں قائم کیا گیا تھا۔

شردھا کپور کی آخری فلم ’استری 2‘ گزشتہ برس 15 اگست 2024ء کو ریلیز ہوئی اور باکس آفس پر ہٹ ثابت ہوئی تھی، جس نے دنیا بھر میں باکس آفس پر 857.15 کروڑ روپے کمائے تھے۔

امر کوشک کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں راج کمار راؤ، ابھیشیک بنرجی اور اپارشکتی کھرانہ نے بھی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔

یہ فلم 2018ء کی فلم استری کا سیکوئل تھی، جسے بنانے والوں نے اس کے تیسرے حصے کو بھی لانے کا اعلان کیا ہے، جو 2027ء میں ریلیز ہونے والی ہے۔

شردھا کپور اب نکھل دویدی کی فلم ’ناگنٔ میں نظر آئیں گی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید