پاکستانی شارٹ فلم ’پرمیننٹ گیسٹ‘ کا ورلڈ پریمیئر ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول (TIFF) میں ہوگیا۔
فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اداکارہ نادیہ افگن نے اپنے مداحوں کو خوشخبری سنائی ہے۔
ہدایت کار ثناء جعفری اور فلم کی مرکزی کاسٹ نے ٹی آئی ایف ایف کے پلیٹ فارم پر ملک کی نمائندگی کی۔
50 سالہ ثناء جعفری پہلی پاکستانی خاتون ہیں جو ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں اپنی شارٹ فلم کے ساتھ ملک کی نمائندگی کر رہی ہیں۔
اداکارہ نادیہ افگن نے انسٹا پوسٹ میں اپنے جوش و خروش کا اظہار کیا اور ورلڈ پریمیئر کے دوران انٹرویوز سے لے کر فوٹو شوٹس تک کی تمام سرگرمیوں کو مداحوں کے ساتھ شیئر کیا ہے۔
انہوں نے ریڈ کارپٹ سے تصاویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا خواب سچ ہوگیا۔
لاہور میں فلمائی گئی شارٹ فلم ’پرمیننٹ گیسٹ‘ کی کہانی 26 سالہ فطین کے گرد گھومتی ہے، جو اپنی والدہ یاسمین کے ساتھ ملکر پڑوس میں ہونے والی شادی کی تیاریاں کر رہی ہے۔ فاطین کے 70 سالہ ماموں شبیر کی اچانک آمد سے سب کچھ بدل جاتا ہے۔ ان کی آمد مرکزی کردار کے پرانے زخم تازہ کر دیتی ہے اور کہانی میں کشیدگی پیدا ہو جاتی ہے۔
یہ فلم جنوبی ایشیائی گھرانوں میں بچپن میں ہونے والے جنسی استحصال اور ان کے دیرپا اثرات جیسے حساس موضوع پر مبنی ہے۔
فلم کی کاسٹ میں راستی فاروق، نادیہ افگن، سلمان شاہد، علی طاہر اور حبائے زہرا جیسے نامور فنکار شامل ہیں۔