امریکی صدر ٹرمپ نے امریکی وزارتِ دفاع کا نام بدل کر ’ڈیپارٹمنٹ آف وار‘ رکھنے کا ارادہ ظاہر کردیا۔
صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’محکمہ دفاع‘ سننے میں اچھا نہیں لگتا، ہم کس چیز کا دفاع کررہے ہیں اور دفاع ہی کیوں کررہے ہیں؟
ٹرمپ نے کہا کہ ماضی میں اس محکمے کا نام ’محکمہ جنگ‘ ہوا کرتا ہے، یہ سننے میں بھی اچھا لگتا تھا اس دوران ہم نے جنگ عظیم اول جیتی، جنگ عظیم دوم جیتی اور بہت سی جنگیں جیتیں۔
امریکی صدر نے کہا کہ لیکن اب ہم دفاع کرنے والے بن گئے ہیں، ٹرمپ نے اپنے ساتھ موجود عہدیداروں سے کہا کہ اگر آپ چاہیں کہ اس محکمے کا نام تبدیل کرکے محکمہ جنگ کردیا جائے اور اس پر ووٹنگ کرنا چاہیں تو مجھے کوئی مسئلہ نہیں ہے۔
ٹرمپ نے امریکی سیکرٹری دفاع پیٹ ہیگسیتھ کو کہا کہ اگر آپ نام تبدیل کرنا چاہیں تو مجھے بتا دیجیے گا جس پر پیٹ ہیگسیتھ نے کہا کہ ایسا کرنا معقول ہوگا۔
ٹرمپ نے کہا کہ میں صرف دفاع کرنا نہیں چاہتا، ہاں دفاع بھی ہونا چاہیے لیکن صرف دفاع نہیں۔