• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سلمان اکرم راجہ سے میری کوئی تلخ کلامی نہیں ہوئی: علیمہ خان

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ سلمان اکرم راجہ سے میری کوئی تلخ کلامی نہیں ہوئی، وہ ہمارے وکیل ہیں اور ہماری فیملی کی طرح ہیں۔

راولپنڈی میں اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سلمان اکرم راجہ کا اپنا کوئی مسئلہ ہوگا، یہ معاملہ سیاسی کمیٹی اور ضمنی انتخابات سے متعلق ہے، میرا خیال ہے ان سے ہی پوچھیں۔

علیمہ خان کا کہنا تھا کہ سمجھ نہیں آئی میرے بچوں کو کیوں اٹھایا؟ شاہریز خان بزنس کرتا ہے، اسپورٹس میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شیر شاہ کو بھی دوسرے دن اٹھایا، ان گرفتاریوں سے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے کہا ہے کہ مجھے بھی گرفتار کریں، یہ خوفزدہ ہیں بچوں سے ڈر گئے ہیں۔ 

علیمہ خان نے یہ بھی کہا کہ بانی کا پیغام اگر فیملی کے ذریعے دیا جاتا ہے تو وہ بانی کا مؤقف ہوتا ہے۔

صحافی نے سوال کیا کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کی فیملی کا ضمنی انتخابات سے متعلق علیحدہ مؤقف ہے اور پارٹی نے جو فیصلہ کیا آپ اس سے متفق نہیں؟

علیمہ خان نے کہا کہ آپ نے سوال بہت عجیب سا پوچھا ہے، بانی پی ٹی آئی سے کسی کی ملاقات نہیں ہو رہی ہے، اگر بانی پی ٹی آئی فیملی کے ہاتھ مؤقف بھیجتے ہیں تو وہ ان کا مؤقف ہے، آپ نے یہ کیوں کہا کہ وہ فیملی کا مؤقف ہے، اگر ہم آپ سے بات کر رہے ہیں تو آپ ہمارا احترام کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آپ نے جان بوجھ کر بانی پی ٹی آئی اور فیملی کا کہا، یہ شیطانی ہے، مجھے برا لگا، دکھ ہوا، آپ دو سال سے ہمارے ساتھ کھڑے ہو اور آپ کو مجبوراً یہ سوال کرنا پڑتا ہے، ہمارے بچے اور بھائی جیل میں ہیں، ہمارے اوپر کیسز ہیں، اتنا تو لحاظ کر لو، جان بوجھ کر شیطانی والے سوال نہ کرو، ورنہ یقین کرو مجھے ضرورت نہیں میڈیا سے بات کرنے کی، ہمارا موڈ نہیں آپ سے بات کرنے کا، ہم بات نہیں کریں گے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ خان نے کہا کہ ضمنی انتخاب پر تنازع ہے تو پارٹی بتائے گی، ہماری جب ملاقات ہوئی تو بانی نے واضح طور پر بتایا تھا کہ ضمنی الیکشن نہیں لڑنا۔

انہوں نے کہا کہ بانی نے کہا تھا کہ الیکشن میں جانے سے پارٹی کو نقصان ہوگا اس کا کوئی فائدہ نہیں، الیکشن میں جانے سے ناجائز نااہلیوں کو جواز مل جائے گا۔

 عظمیٰ خان کا کہنا تھا کہ بانی نے کہا تھا کہ یہ ہمیں جیتنے نہیں دیں گے، مرضی کے لوگوں کو جتوائیں گے، اگر ہم الیکشن میں جائیں گے تو پارٹی ان نااہلیوں کو جائز قرار دے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ بانی نے پارٹی کو پیغام دیا تھا تحریک پر توجہ مرکوز کریں۔

قومی خبریں سے مزید