ایک نئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ میٹھے مشروبات بال جھڑنے کا خطرہ بڑھا سکتا ہے۔
حال ہی میں شائع ہونے والی اس تحقیق میں 61 ہزار 332 افراد پر مشتمل 17 مطالعات کا تجزیہ کیا گیا۔
تحقیق کے نتائج میں بتایا گیا کہ جو لوگ ہر ہفتے 3 ہزار 500 ملی لیٹر سے زیادہ میٹھے مشروبات پیتے ہیں ان کے بال جھڑنے کا امکان بڑھ جاتا ہے اور یہ امکان مردوں میں نمایاں ہوتا ہے۔
میٹھا بالوں کی صحت کو کیوں نقصان پہنچاتا ہے؟
ماہرین صحت نے وضاحت کی کہ ان مشروبات میں شوگر کی زیادہ مقدار خون میں گلوکوز کی سطح کو بڑھاتی ہے جو وقت کے ساتھ ساتھ بالوں کی جڑوں کو کمزور کر سکتی ہے اور یہ کمزوری صحت مند بالوں کی نشوونما کو برقرار رکھنے کی صلاحیت کو کم کرتی ہے۔
بال جھڑنے کے خطرے کو کم کرنے کیلئے ماہرین صحت کا مشورہ
اس حوالے سے ماہرین صحت میٹھے مشروبات کے استعمال کو محدود کرنے اور بالوں کی صحت کے لیے ضروری غذائی اجزاء سے بھرپور متوازن غذا پر توجہ مرکوز کرنے کا مشورہ دیتے ہیں، جیسے کہ
1- وٹامن ڈی بالوں کی جڑوں کو مضبوط بنانے کے لیے بہت اہم ہے۔
2- آئرن سر میں خون کی گردش کو بہتر بناتا ہے۔
3- پروٹین بالوں کی ساخت کو مضبوط کرنے کے لیے بہت ضروری ہے۔
اس لیے وٹامن ڈی، آئرن، پروٹین اور دیگر غذائی اجزاء سے بھرپور غذا کو اپنانے سے قبل از وقت بالوں کے گرنے کے خطرے کو نمایاں طور پر کم کیا جاسکتا ہے۔
نوٹ : یہ ایک معلوماتی مضمون ہے، اپنی کسی بھی بیماری کی تشخیص اور اس کے علاج کےلیے اپنے معالج سے رابطہ کریں۔